جمعہ, 22 نومبر 2024


عمران خان ملک سے کرپشن وبدعنوانی ختم کرنے آئے ہیں، چوہدری سرور

واشنگٹن: گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک سے کرپشن وبدعنوانی ختم کرنے آئے ہیں، تحریک انصاف قوم سے کیے تمام وعدے پورے کرے گی۔
 
تفصیلات کے مطابق ڈیموکریٹ رکن عائشہ خان نے گورنرپنجاب کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا، اس موقع پر گورنر پنجاب نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔
 
چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو ورثے میں قرضے اور مسائل ملے، تمام مسائل کو حل کررہے ہیں، عمران خان کی قائدانہ صلاحیت نے دنیا میں پاکستان کا نام اونچا کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
 
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صاف پانی کی مہم کیلئے کئی رکاوٹیں ہیں، مافیا نہیں چاہتا لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی ملے، صاف پانی پالیسی بنی ہوئی ہے عملدر آمد نہیں ہورہا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اشرافیہ عوام کو ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتی۔
 
انہوں نے پاک بھارت تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کشیدہ صورت حال پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا، پاکستان نے خارجہ سطح پر کامیابیاں حاصل کیں۔
 
چوہدری سرور کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل جلد حل کرنا چاہتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment