جمعہ, 22 نومبر 2024


مقبوضہ کشمیر میں 66 ویں روز بھی کرفیو

 
 
 
سری نگر: مودی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 66 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات پوری طرح معطل ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 66 ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بھی بند کر رکھی ہے جب کہ ذرائع ابلاغ پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔
 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث کشمیریوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
 
کشمیر میڈیا سروس کا یہ بھی کہنا ہے وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن رہے ہیں۔
 
یاد رہے کہ 5 اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر دیا تھا۔
 
راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جب کہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرا لیے تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment