واشنگٹن:امریکا اور چین کے اعلیٰ حکام تجارتی معاہدے کے چند نکات پر متفق ہو گئے۔
امریکا اور چین کے اعلیٰ حکام جمعے کو ٹیلی فونک گفتگو کے بعد تجارتی معاہدے کے چند نکات پر اتفاق کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ یہ بات امریکا کے تجارتی نمائندہ اور چین کی وزارت تجارت کے حکام نے میڈیاکو بتائی کہ بات چیت جاری رکھی جائے گی۔
امریکا کے تجارتی نمائندہ نے پیش رفت کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایاگیاکہ دونوں جانب سے پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک تجارتی معاہدے کے چند نکات پر اتفاق کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ڈپٹی کی سطح پر بات چیت جاری رہے گی اور اعلیٰ حکام جلدٹیلی فون پر بات کریں گے۔
واشنگٹن اور بیجنگ فیز ون تجارتی معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دینے کیلیے کام کررہے ہیں جس کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 11اکتوبرکو اعلان کیاتھا۔
ٹرمپ کا کہناہے کہ امید ہے کہ چلی میں سمٹ کے دوران چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیے جائیں گے۔