جمعہ, 26 اپریل 2024


سینکڑوں افراد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوگئے، پولیس کا ایکشن

 
 
 
ریاض: سعودی عرب میں حائل کی وادی میں سینکڑوں لوگ موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوگئے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو منتشر کردیا۔
 
سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد کے لیے گھروں تک محدود رہنے کی حکومتی ہدایات کے باوجود حائل میں بارش کے بعد سہانے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے متعدد شہری فیملیوں سمیت قریبی وادی میں جمع ہوگئے۔
 
وادی میں جمع ہونے والے شہریوں کو واپس بھیجنے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے فوری مداخلت کی۔
 
حائل ریجن میں پولیس کے سربراہ کرنل حبیب بن عطا اللہ الجہنی کا کہنا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ وادی میں متعدد شہری، خواتین اور بچوں سمیت موسم کا لطف اٹھانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔
 
پولیس کے مطابق انہیں بھیڑ لگانے اور جمع ہونے سے روکنے کے لیے فوری طور پر پولیس کی ٹیموں کو روانہ کیا گیا، پولیس اہلکاروں نے وادی کو ہر طرف سے گھیر لیا اور شہریوں کو جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔
 
کرنل حبیب بن عطا اللہ کا کہنا تھا کہ وادی میں جمع ہونے والے شہریوں نے کرونا کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کے برخلاف کام کیا ہے۔
 
خیال رہے کہ حائل کے قریب ایسی متعدد وادیاں ہیں جہاں سال بھر بارش ہوتی ہے اور موسم خوشگوار رہتا ہے، سیر و تفریح کے لیے اکثر لوگ وہاں کا رخ کرتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment