جھاڑ کھنڈ: آن لائن کلاس لینے کے لیےپانچویں جماعت کی طالبہ کی محنت رنگ لے آئی
بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ کے علاقے جمشید پور میں پانچویں جماعت 11 سالہ طالبہ کو آن لائن کلاس لینے کے لیے اسمارٹ موبائل فون کی ضرورت تھی تاہم والدین کی استطاعت نہ ہونے کے باعث بچی نے پھل بیچ کر اپنی ضرورت پوری کرنے کاارادہ کرلیا۔
پانچویں جماعت کی طالبہ تلسی کماری پھل تو فروخت کرنے لگی تاہم اس سے ہونے والی آمدنی گھر کے راشن میں صرف ہوجاتی تھی جس سے بچی کو تعلیم جاری نہ رکھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا اور وہ مایوس ہوکر غمزدہ رہنے لگی۔
تلسی کماری کی یہ کہانی ایک صحافی نے سوشل میڈیا پر وائرل کردی جسے ممبئی کے ایک بزنس مین نے پڑھا اور تلسی کو خطیر رقم بھیجوا دی تاہم تلسی نے امداد کے بجائے پھل خریدنے کی شرط رکھی جس پر بزنس مین نے فی آم دس ہزار روپے کے حساب سے ایک درجن آم خرید لیے۔
پُرعزم تلسی کماری کی والدہ نے بزنس مین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان ایک لاکھ 20 ہزار روپوں سے وہ تلسی کے لیے اسمارٹ فون اور دیگر تعلیمی مواد خریدیں گی۔