اتوار, 24 نومبر 2024


’موٹاپا عالمی معیشت میں تمباکو نوشی کے برابر‘

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)

ایک نئی تحقیق کے مطابق عالمی معیشت پر موٹاپے کے اثرات دنیا بھر میں جاری مسلح تنازعات یا تمباکو نوشی کے اثرات کے برابر ہی ہیں۔

 اس وقت دنیا میں دو ارب دس کروڑ افراد یا دنیا کی تقریباً ایک تہائی آبادی، موٹاپے کا شکار افراد پر مشتمل ہے اور سنہ 2030 تک دنیا کی نصف آبادی کے موٹاپے کا شکار ہونے کا اندیشہ ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں موٹاپے کی وجہ سے ہونے والی مالیاتی نقصانات بڑھ رہے ہیں جن میں موٹے افراد کے علاج معالجے پر آنے والے اخراجات اور بیماری کی صورت میں کام نہ کرنے سے ہونے والے نقصانات شامل ہیں۔

ان کے مطابق اس معاملے سے نمٹنے کے لیے دور رس پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں انفرادی تبدیلیوں کی بجائے حالات میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ ان کی تجاویز زیادہ چکنائی اور نشاستے والی خوارک پر زیادہ ٹیکس اور صحتِ عامل کی مہم چلانے جیسی تجاویز سے کہیں زیادہ کارگر ثابت ہو سکتی ہیں۔

رپورٹ کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ موٹاپے پر قابو پانے کے لیے اب کارگر حکمتِ عملی بنانا ضروری ہوگیا ہے کیونکہ بات اب بحرانی سطح تک پہنچ رہی ہے۔

موٹاپے کے باعث  لوگوں  کا بڑھتا رجحان، ذیابیطس، پھیپھڑوں کی بیماری اور مختلف قسم کے کینسر کی وجہ بن رہا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment