جمعہ, 14 جون 2024


ایمزٹی وی (اسلام آباد)جوڈیشل مجسٹریٹ نے فہد ملک قتل کیس کے ملزم راجا ارشد کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی۔
اسلام آباد پولیس نے سابق چیئرمین سینیٹ میاں محمد سومرو کے بھانجے فہد ملک کے قتل کے مرکزی ملزم راجا ارشد کو جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ عدنان رشید کی عدالت میں پیش کیا۔تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے قبضے سے آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون برآمد کر لیا گیا ہے۔ گاڑی کی برآمدگی کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

ملزم کےوکیل نے ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ سپریم کورٹ نے اس واقعے پر کوئی از خود نوٹس نہیں لیا تھا بلکہ آئی جی اسلام آباد سے صرف رپورٹ طلب کی تھی، ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کیضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم راجا ارشد کو مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ فہد ملک قتل کیس میں ایک اور ملزم نعمان کھوکھر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے جب کہ راجا ارشد کو پاک افغان سرحد سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ فرار ہورہا تھا۔


ایمزٹی وی(راولپنڈی)عید الضحیٰ کے موقع پرملک بھر کی جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کی سزاؤں پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ سیشن ججزنے بھی عید قربان اور حج کے احترام میں پھانسی دینے کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کے احکام روک دیے ہیں۔
اس وقت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں مجموعی طور پر285 سزائے موت کے قیدی ہیں ان میں سے10کی رحم کی اپیلیں صدر مملکت کے پاس زیر التواہیں، ایک خاتون ملزمہ سمیت66 اپیلیں سپریم کورٹ اور چھ خواتین سمیت209 اپیلیں ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

واضح رہےاس سال یکم جنوری سے31 اگست تک اڈیالہ جیل میں مجموعی طور پر42 مجرمان کو پھانسی دی گئی ہے جبکہ اس عرصے کے دوران58 سزائے موت کے قیدی ہائی کورٹ سے پھانسی کی سزا کالعدم قرار پانے اور راضی نامہ کی بنیاد پر رہائی پا چکے ہیں۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ میں پولی کلینک کرپشن از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ اسپتالوں کی حالت زار پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے اپنے ریمارکس میں کہا حکومت نئے اسپتال بنانے کے اعلانات کرتی ہے پہلے پرانے تو ٹھیک کر لیں۔ جوائنٹ سیکرٹری کیڈ نے کہا کہ قواعد نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں کے مستقل سربراہوں کا تقرر نہیں ہو سکا۔

 

دوسری جانب عدالت نے کہا یہاں قواعد تک نہیں بنائے آپ نے ریاست کے اندر ریاست بنا رکھی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ قواعد مرتب کر کے دو ہفتوں کے اندر اسپتالوں کے سربراہان کا تقرر کیا جائے۔
پمز ہسپتال کے تمام وینٹی لیٹر فعال ہونے کی رپورٹ پر عدالت کا کہنا تھا کہ ایسی رپورٹ دیتے ہوئے کسی کو خوف بھی نہیں آتا۔ قواعد نہ بنے تو سخت کارروائی کریں گے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف جسٹس پاکستان انور ظہیر جمالی نے سانحہ کوئٹہ پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے سماعت 20ستمبر کو مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان انور ظہیر جمالی نے سانحہ کوئٹہ پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے رجسٹرار آفس کو واقعہ کی تفصیلات اکٹھی کرنے کی ہدایت کی ہیں جب کہ کیس کی سماعت 20 ستمبر کو مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ کیس کی سماعت کے لیے اٹارنی جنرل اور آئی جی بلوچستان کو بھی نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 8 اگست کو دہشت گردوں نے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد اس وقت سول اسپتال میں خودکش دھماکا کیا تھا جب وکلا کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی جس میں 73 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، وکلا نے چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا، اجلاس میں ان تمام فیصلوں کی توثیق اور منظوری دے دی گئی جنہیں وزیر اعظم نےکابینہ کو بائی پاس کرکے منظور کیا تھا۔

کابینہ کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کاتعین، اہم قومی اداروں کی ری اسٹرکچرنگ، کئی اداروں کی نج کاری، 5 روپے کے سکے کے ڈیزائن کی تبدیلی، 10 روپے کے نوٹ کے بجائے اس مالیت کے سکے کا اجرا اور دیگر اہم فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے چند روز قبل وزیراعظم کے کابینہ کو بائی پاس کرکے اہم فیصلوں کی منظوری کے اختیار کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عدالت عظمیٰ نے نان نفقے سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ محض طلاق کہنے سے بیوی کو طلاق نہیں ہو جاتی، قانون کے مطابق پراسس مکمل کرنے کے بعد ہی طلاق موثر ہو گی۔

 

چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے بیوی کو خرچہ ادا کرنے کا ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار کا یہ موقف مسترد کردیا کہ انھوں نے 1992 میں لندن میں بیوی کو طلاق دے دی تھی۔دریں اثنانان نفقے سے متعلق مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہاکہ نہ تو انگلش لا اور نہ ہی ملک کے قوانین کے تحت طلاق دینے کاپراسس مکمل کیاگیا،قانون شہادت کے تحت متعلقہ فورم پر طلاق کے گواہ پیش کیے جاتے ہیں۔

 

جسٹس قاضی فائزعیسٰی نے کہاکہ بیان حلفی دے کرطلاق کو ریکارڈ پرلایاجاسکتا تھا۔چیف جسٹس نے کہا کہ محض بیوی کویہ کہنا کہ آج سے تومیری بیوی نہیں تو طلاق ہوجائے گی درست نہیں،عدالت نے بیوی کوخرچہ دینے کاہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے فیصلے کیخلاف درخواست خارج کردی۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نےفوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والوں مجرموں کی سزا کےاپیلیں مسترد کردیں۔دہشت گردی کے واقعات میں ملوث 32 مجرموں کو سزائے موت دینے کا فوجی عدالتوں کا فیصلہ برقرار رکھا۔

۔چیف جسٹس کی سر براہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے اپیلوں پر سماعت کی جس میں182 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس عظمت سعید شیخ نے لکھا ہے جسے آج چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیرجمالی نےعدالت میں پڑھ کرسنایا ۔

فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 32 مجرم دہشت گردی، سیکورٹی اہلکاروں پر حملے، دہشت گردی کے لئے خود کش بمبار تیار کرنے، دہشت گردی کے لئے فنڈز اکٹھا کرنے، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

اس کے علاوہ کئی ملزمان آرمی پبلک اسکول پرحملے، پریڈ لائن ،بنوں جیل اور دیگر دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث تھے۔

فوجی عدالتوں نے دہشت گردی میں ملوث ان ملزمان کوسزائے موت دینے کا حکم سنایاتھا جسے ملزمان نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا

ایمزٹی وی(اسلام آباد)جماعت اسلامی نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی جانب سے دائردرخواست میں وفاق، وزارت کابینہ، قانون، خزانہ، نیب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے تاہم کسی سیاست دان کوفریق نہیں بنایا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عوامی عہدہ رکھنے والوں نے اثاثوں میں آف شورکمپنیوں کا ذکرنہیں کیا، عدالت فریقین کو معاملہ کی تحقیقات کا حکم دے، آف شور کمپنیوں کے ملزمان کوگرفتار کیا جائے اورقوم کی لوٹی ہوئی دولت خزانہ میں واپس لائی جائے۔

سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی معاشی دہشت گردوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، کرپشن فساد فی الارض ہے، اس کی وجہ سے تمام ادارے ناکام ہورہے ہیں، حکمران مغل شہزادے اورسیاسی پنڈت ہیں جنہوں نے 68 سال ملک کولوٹا، پاناما لیکس کے بعد ہمارا خیال تھا کہ حکومت خود ایکشن لے گی لیکن حکومت نے عدالتی کمیشن بنانے کا وعدہ پورانہیں کیا، حکومت صرف وقت لینے کی کوشش کررہی ہے، پاناما لیکس کا معاملہ سردخانے میں نہیں ڈالنے دیں گے، قومی دولت لوٹنے والے سب لوگوں کا پیچھا کریں گے، حکومت اگرمخلص ہے تو بااختیارتحقیقاتی کمیشن بنایا جائے، سپریم کورٹ حکومت کو نیاقانون بنانے کا حکم دے۔

ایمزٹی وی(بلوچستان)سانحہ کوئٹہ کا آٹھواں روز ہے،تاہم ابھی تک کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں عدالتی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہیں۔
جبکہ دوسری جانب ضلعی کچہری میں بار روم پر سیاہ جھڈا بھی لہرایا ہوا ہے،بارروم میں وکلا موجود ہیں تاہم غمزدہ اور چہروں پر اداسی چھائی ہوئی ہے، وکلا کی جانب سے عدالتی کارروائی کابائیکاٹ آٹھویں روز بھی جاری ہے، عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے ہیں۔
سانحہ کےخلاف پاکستان بارکونسل اور سپریم کورٹ بارکی جانب سے7 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیاتھا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) عبدالرشید قتل کیس میں سابق پرویز مشرف کے وکیل نے اپنے موکل کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست واپس لے لی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے عبدالرشید قتل کیس میں پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران پرویزمشرف کے وکیل ملک طاہرنے موقف اختیار کیا کہ سیشن کورٹ کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری کے اجراء کے خلاف درخواست کی ضرورت نہیں، انہوں نے اپنے موکل کی ٹرائل کورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کے لیے نئی درخواست دائر کردی ہے، اس لئے عدالت سے درخواست ہے کہ پرویزمشرف کے وارنٹ گرفتاری کےخلاف درخواست واپس لینے دی جائے۔ جس پر عدالت نے درخواست منظورکرلی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے لال مسجد کے نائب خطیب عبدالرشید اوران کی والدہ کے قتل سے متعلق مقدمے میں پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکھے ہیں۔