جمعہ, 17 مئی 2024
 
 
 
 
 
کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی سے موسم خوش گوار ہو گیا۔
 
آج صبح بھی کراچی میں ہلکی بارش ہوئی، شہر قائد کے علاقں صدر، کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی، کورنگی اور نارتھ کراچی میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا ہے۔
 
نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، بلدیہ ٹاؤن میں بھی ہلکی بارش ہوئی، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
 
آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فی صد، اور رفتار 16 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں کل بھی بارش کا امکان ہے۔
 
خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا ہے، کل بھی صدر، ایم جناح روڈ کے اطراف کے علاقوں، گلشن اقبال، حسن اسکوائر کے اطراف، سپر ہائی وے، عائشہ منزل اور واٹر پمپ کے اطراف بھی بارش ہوئی تھی۔
 
ترجمان کے الیکٹرک نے بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کی صورت میں احتیاط کریں، غیر قانونی ذرایع سے بجلی کا حصول جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔
دیر لوئر: تیز بارش کے دوران سیلابی ریلے میں مکان بہہ گیا جس میں 3بچے بھی بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔
 
لوئردیر میں تیز بارش کے دوران سیلابی ریلہ مکان کو بہا کر لے گیا جس میں 3بچے بھی بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔
 
مقامی انتظامیہ کے مطابق واقعہ تحصیل میدان لر میرگام میں پیش آیا، ریلہ میں بہنے والے بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں،تینوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے لاہور میں بارش کا پانی جمع ہونے پر شہبازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند بارشوں نے مسلسل 10 سالہ لیگی حکومت کا پول کھول دیا اور بارش کے پانی میں خادم اعلیٰ کی کرپشن تیرتی نظر آئی۔ لاہور میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے صمصام بخاری نے کہا کہ بارش کے پانی میں شہبازشریف کی کرپشن تیرتی ہوئی نظر آئی، کارکردگی والوں کو ڈبکیاں لگاتے عوام کیوں نظر نہیں آتے؟ لانگ شوز پہن کر فوٹو سیشن کے علاوہ خادم اعلیٰ نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند بارشوں نے مسلسل 10 سالہ لیگی حکومت کا پول کھول دیا، میگا منصوبوں اور کرپشن سے توجہ ہٹتی تو لیگی حکومت کچھ کرتی، عوام پوچھتے ہیں کہ بڑے شہروں پر بھاری فنڈز کہاں خرچ ہوئے؟ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیرس بنانےکا دعویٰ کرنے والوں نے لاہور کو وینس بنا دیا، 6 مرتبہ حکومت کرنے والوں نےکبھی لانگ ٹرم منصوبہ بندی نہیں کی، کاش شہبازشریف نے اپنے بیٹوں اور داماد کو مثبت کاموں پر لگایا ہوتا، شریف فیملی ملک وقوم کی خدمت کرتی تو آج یہ حال نہ ہوتا۔ صمصام بخاری نے مزید کہا کہ جس شعبےکو دیکھیں شریفوں کی کرپشن سے اٹا ہوا نظر آتا ہے، موجودہ حکومت نے ہر شعبے میں اصلاحات کا کام شروع کردیاہے۔

مون سون کے آغاز سے قبل ہونے والی بارشوں اور گلیشئیرز پگھلنے سے پاکستان کے آبی ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔
 
ارسا حکام کے مطابق بارشوں اور گلیشئیرز پگھلنے سے ملک کے مجموعی آبی ذخائر 40 لاکھ ایکڑ فٹ تک پہنچ گئے ہیں۔
 
گزشتہ چار روز کے دوران آبی ذخائر میں تیرہ لاکھ ایکڑ فٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
 
تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ایک ہزار چارسو ساٹھ فٹ ہو گیا اور چار روز کے دوران پانی کی سطح تیس فٹ بڑھ گئی ۔
 
منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ گیارہ سو انسٹھ فٹ تک پہنچ گیا جبکہ ڈیم میں چار روز کے دوران پانی کی سطح میں دس فٹ اضافہ دیکھنے میں آیا

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان سے خوفزدہ کیویز کو ہری ہری سوجھنے لگی، ہیگلے اوول پر سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں یاسر شاہ کے جادو سے بچنے کیلیے گرین ٹاپ وکٹ تیار کرلی، ٹم ساؤتھی بھی پھر سے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلیے تیار ہیں، ٹاپ آرڈر پر ٹام لیتھم کا ساتھ جیت راویل دیں گے۔

کوچ مائیک ہیسن نے کہاکہ اپنے لیے موزوں کنڈیشنز کی تیاری ہمارا حق ہے، گرین کیپس کا بولنگ اٹیک انتہائی موثر اور ہر کنڈیشنز میں کاری وار کی صلاحیت سے مالا مال ہے، ہمارے بیٹسمینوں کو ثابت قدمی کا ثبوت دینا ہوگا۔

ادھر پاکستانی ٹیم بھی زلزلے کے اثر سے نکلنے کے بعد کیوی صفوں پرلرزہ طاری کرنے کیلیے تیارہے، ٹریننگ سیشنز میں کھلاڑیوں نے کافی حد تک خود کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کرلی، 6 مستند بیٹسمین اور 4 بولرز کے ساتھ میدان سنبھالے جانے کی توقع ہے، بابر اعظم کو الیون میں جگہ بنانے کا موقع مل سکتا ہے۔

مقابلے کے دوران بارش کی دخل اندازی کی پیشگوئی موجود ہے، کوچ مکی آرتھر واضح کرچکے کہ میزبان ٹیم کو کسی بھی صورت آسان شکار سمجھنے کی غلطی نہیں کی جائے گی، کامیابی کیلیے خاص طور پر بیٹسمینوں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔نیلسن میں نیوزی لینڈ اے سے سہ روزہ وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث گرین کیپس کو 2 میچز کی سیریز کی تیاریوں کا مناسب موقع نہیں مل سکا، البتہ کرائسٹ چرچ میں ٹریننگ سے کھلاڑیوں نے آنے والی سیریز کیلیے خود کو کافی حد تک تیار کرلیا ہے، گذشتہ روز موسم خوشگوارہونے کی وجہ سے نیٹس پر بولرز اور بیٹسمین نے بھرپور پریکٹس کی، ہیگلے اوول میں تین گھنٹے تک کھلاڑی ٹریننگ کرتے رہے، بدھ کی صبح بھی مزید پریکٹس کی جائے گی۔

کوچ مکی آرتھر پہلے ہی واضح کرچکے کہ کیوی ٹیم کے حال ہی میں بھارت میں وائٹ واش کی خفت سے دوچار ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ ہمیشہ ہی اپنی ہوم کنڈیشنز میں کافی سخت ٹیم ثابت ہوتی ہے، انھوں نے بیٹنگ لائن پر خاص طور پراپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کرنے کیلیے زور دیا۔ پاکستان کی جانب سے6 مستند بیٹسمینوں اور4 بولرز کے ساتھ میدان سنبھالنے کی توقع ہے، اس صورت میں بابر اعظم الیون میں جگہ بنا سکتے ہیں، انھوں نے دبئی میں اپنے پہلے ٹیسٹ میں نصف سنچری بنائی مگر ویسٹ انڈیز سے اگلے 2 میچزمیں باہربیٹھے تھے، پاکستانی اٹیک وہاب ، عامر اور سہیل خان پرمشتمل رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے ہیگلے اوول میں گرین ٹاپ وکٹ تیار کرلی، یہ خاص طور پر میزبان فاسٹ اٹیک کو مدد دینے کی غرض سے بنائی گئی ہے۔ گراؤنڈ مین روپرٹ بول نے کہا کہ چونکہ درجہ حرارت ابھی اپنے عروج پر نہیں پہنچا اس لیے ہری بھری گھاس موجود ہے۔ اگلے 2 دنوں کے دوران بارش کی پیشگوئی موجود جبکہ میچ میں بھی موسم کی مداخلت کا سامنا ہوگا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کو جنوبی افریقہ کے ٹور میں 0-1 اور بھارت میں 0-3 سے ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، ٹیم ان ناکامیوں کی تلافی ہوم کنڈیشنز میں کرنا چاہتی ہے، جہاں پر وہ گذشتہ11 ٹیسٹ میں سے7 میں فاتح رہی ہے۔

آؤٹ آف فارم گپٹل کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ جیت راویل کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا اور وہی ٹام لیتھم کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے، ٹخنے اور کمر کی انجری سے نجات کے بعد ٹم ساؤتھی بھی کیوی اٹیک کو زیادہ مہلک بنانے کیلیے موجود ہونگے۔ کوچ مائیک ہیسن نے اپنی ٹیم کو خبردارکیاکہ انھیں پاکستان کے خطرناک اٹیک کا سنبھل کر سامنا کرنا ہوگا، بولرز نئی گیند کو سوئنگ اورپھر پرانی سے ریورس سوئنگ بھی کرلیتے ہیں، ان کے پاس ایک انتہائی بہترین اسپنر بھی موجود ہے، بیٹنگ لائن اپ بھی کافی مضبوط ہے، وہ کسی بھی کنڈیشن میں کافی سخت ثابت ہوسکتے ہیں لیکن ان کا بولنگ اٹیک بہرحال ہمارے لیے چیلنج ثابت ہونے والا ہے۔

کنڈیشنز کے حوالے سے مائیک ہیسن نے کہاکہ ہم ان سے اچھی طرح آگاہ ہیں، ہمیں بھی اپنے لیے شناسا پچزبنانے کا پوراحق حاصل ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ابھی تک خود کو بھارت میںہی محسوس کریں، اس لیے ان 2 میچز کی کنڈیشنز یقینی طور پر مختلف ہوں گی۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) سوڈان میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں 76 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ دریائے نیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے جس سے متعدد مکانات بھی زمین بوس ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ 2013 میں بھی ملک میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 70 افراد ہلاک اور 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں بنیادی ڈھانچے کی کمیابی کے باعث شدید بارشوں کے خلاف تدابیر اختیار کرنا مشکل ہوتا ہے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بھارت اور نیپال میں طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے 90 سے زائد افراد ہلاک جبکہ بیس لاکھ بے گھر ہوگئے ہیں.

تفصیلات کے مطابق نیپال میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں نے زیادہ تباہی مچائی،جہاں سیکڑوں مکانات اور پُل تباہ ہوگئےرواں ہفتےمیں اب تک ملک میں طوفان اور تودے گرنے سے 73 افراد ہلاک ہوچکے ہیں. ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں. حالیہ طوفان اور بارشوں سے سب سے زیادہ کٹھمنڈو سے 250 کلو میٹر مغرب میں واقع ضلع پیوتھان متاثر ہوا،جہاں درجنوں مکانات تباہ ہوگئے.

دوسری جانب طوفان نے ہندوستان کے دور دراز شمال مشرقی ریاست آسام کو بھی متاثر کیا،جہاں دریا کا پانی آبادیوں میں داخل ہونے کے باعث اب تک 19 افراد ہلاک ہوچکے ہیں. آسام کے وزیر اعلیٰ سربنَندا سنووال نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ حالیہ طوفان نے تین ہزار گاؤں اور 21 اضلاع کو متاثر کیا،جس کے نتیجے میں تقریباً 20 لاکھ افراد بے گھر ہوئے. حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے متاثرہ افراد کو ریلیف کیمپس میں منتقل کردیا گیا ہے. ہندوستان اور نیپال میں ہر سال مون سون کی بارشوں کے دوران طوفان اور تودے گرنے سے متعدد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں.

واضح رہے کہ نیپال میں گزشتہ سال آنے والے تباہ کن زلزلے میں تقریباً نو ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے تھے.

ایمزٹی وی(بزنس)ماہرین نے کہا ہے کہ رواں سال ہونے والی بارشوں سے ابھی تک فصلوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، تاہم مسلسل بارشوں سے گزشتہ سال کی نسبت شدید نقصان کا اندیشہ ہے۔اگلے ہفتے شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے نقصان کا اندیشہ ہے۔ وزارت فوڈ سیکیورٹی کے ذیلی ادارے این اے آر سی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عظیم نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال مون سون کے موسم میں اچھی بارشیں ہو جاتی ہیں، اس دفعہ ابھی تک شدید بارشیں نہیں ہوئیں، اچھی بارشیں ہوئی ہیں، ان کی فریکوینسی بہت بہتر ہے، کیونکہ وقفے وقفے سے بارشیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے فصلوں پر بھی منفی اثرات نہیں پڑے، تاہم اگلے ہفتے سے شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

اس کے فصلوں پر اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزارت ٹیکسٹائل کے کمشنر کاٹن ڈاکٹر خالد عبداللہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ گزشتہ سال شدید بارشوں سے 75 ہزار ایکڑ رقبے کا نقصان ہوا جس ڈیرہ لاکھ کاٹن کی بیلز کا نقصان ہوا ہے، رواں سال بیس فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، کپاس ایک حساس پودا ہے، خاص حد سے زیادہ بارش نقصان دہ ہے، اگر کاٹن کے کھیت میں 24گھنٹے پانی کھڑا ہو جائے تو نقصان دہ ہوتا ہے اور پودے مرجھانا شروع کر دیتے ہیں، بارش کا وقفہ اگر دس پندرہ دن ہو تو بہتر ہوتا ہے، ورنہ کھاد اسپرے سمیت دیگر فیلڈ آپریشن نہیں ہو سکتے ہیں۔

ایمز ٹی وی(کراچی) مون سون بارشوں كا نیا سلسلہ پیر كی رات سندھ میں داخل ہوگا جس کے باعث كراچی سمیت سندھ بھر میں طوفانی ہواؤں كے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔

محكمہ موسمیات كے مطابق میں مون سون بارشوں كا نیا سلسلہ پیر كی رات سندھ میں داخل ہوگا اور منگل كو كراچی سمیت پورے سندھ كو اپنی لپیٹ میں لے لے گا جس كے باعث شہر قائد سمیت سندھ بھر میں طوفانی ہواؤں كے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں 100 كلو میٹر كی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلنے كا امكان بھی ظاہر كیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام نے شہریوں كو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسلا دھار بارش کے نتیجے میں شہر كے بعض نشیبی علاقوں میں طغیانی آنے كا خدشہ ہے لہٰذا عوام بارش كے دوران بلا ضرورت گھروں سے نكلنے سے اجتناب كریں اور نہ صرف كھلے مین ہولز اور نالوں سے دور رہیں بلکہ تیز بارش كے دوران بجلی كے كھمبوں سمیت بلند و بالا سائن بورڈ سے بھی دور رہنے کی کوشش کریں۔ ادھر ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بارشوں كے بعد عوام كھانے پینے كی اشیا میں احتیاط برتیں کیونکہ وبائی امراض پھیلنے كا خدشہ کافی حد تک بڑھ جاتا ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے سندھ بھر میں ممكنہ مون سون بارشوں كے پیش نظر پولیس كو الرٹ جاری كردیا ہے اور اس ضمن میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، تمام زونل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز كو ہدایت جاری كی گئی ہیں کہ ممكنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور عوام كے جان و مال كے تحفظ كے لیے پولیس تیار رہے جب کہ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں میں طغیانی كے باعث عوام كی ہر ممكن مدد، اور حفاظتی انتظامات كیے جائیں۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز پیش گوئی کی تھی کہ ہوا كا كم تر دباؤ بھارتی صوبے مدھیہ پردیش پر قائم ہے اور پاكستان كی جانب بڑھ رہا ہے اس سسٹم كے تحت كراچی سمیت زیریں سندھ كے مختلف علاقوں میں 12 اور 13 جولائی تیز ہواؤں اور گرج چمک كے ساتھ موسلادھار بارش كا امكان ہے

ایمز ٹی وی (چترال) چترال کے علاقے ارسون میں طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق، درجنوں مکانات اور دیگر املاک تباہ ہوگئیں۔
چترال کے علاقے ارسون میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق اور کئی مکانات ریلے میں بہہ گئے۔ صورتحال سے نمٹنے کیلیے ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور پاک فوج، چترال اسکائوٹس، بارڈر پولیس اور چترال پولیس کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں جن کے دوران 17 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ متعدد زخمیوں اور محصور افراد کو طبی مراکز اور محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ چترال کے ضلع ناظم مغفرت شاہ کے مطابق سیلاب رات 10 بجے کے قریب آیا، ارسون گاؤں کے35 گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ48 کو جزوی نقصان پہنچا، ایک مسجد ریلے میں بہہ جانے سے16 نمازی، ایک فوجی چوکی بہہ جانے سے8 جوان جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے6 افراد بھی شامل ہیں،17 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں، ان میں سے 5 افغان علاقے سے ملی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ وڑائچ نے صحافیوں کوبتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور متاثرین کومحفوظ مقامات پر پہنچانے کے ساتھ ساتھ اشیائے خورونوش کی فراہمی بھی جاری ہے۔ انھوں نے بتایا صورتحال سے نمٹنے کیلیے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے جبکہ متاثرہ علاقے دور افتادہ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات بھی درپیش ہیں۔ ڈی پی او چترال آصف اقبال نے بتایا کہ جنوبی چترال میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ پاک فوج کی طرف سے50 ٹینٹ اور راشن موقع پر پہنچا دیے گئے ہیں۔
سیلابی ریلہ مسجد، مکانوں اور فوجی چیک پوسٹ کو بہا کر ساتھ لے گیا۔ امام مسجد سمیت 15 نمازی، بچے، بوڑھےاور خواتین ایسے بہے کہ کئی گھنٹوں بعد 13 لاشیں افغان علاقے سے برآمد ہوئیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں۔ سیلابی ریلےسے ارسون میں قیمتی جانیں ضائع ہونے کےعلاوہ انفرااسٹرکچر بھی تباہ ہوگیا ہے، نہ سڑکیں بچی ہیں اور نہ ہی پل، برساتی نالے دلدل بن چکے ہیں جبکہ نِگر کے مقام پردریائے چترال جھیل میں بدل گیا ہے جس میں 10 مکان بھی ڈوب گئے ہیں۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ موسلادھار بارش کے بعد لواری ٹاپ بھی سیلابی ریلے کی زد میں ہے اورپشاور، چترال شاہراہ بند ہوگئی ہے۔
وزيراعلی خيبرپختونخوا پرويز خٹک نے چترال ميں حاليہ سيلاب كی وجہ سے بيش قيمت انسانی زندگيوں كے ضياع اور املاک كے نقصانات پر تشويش كا اظہار كيا اور فوری طور پر ريڈ الرٹ جاری كرديا ہے۔ وزيراعلی نے ضلعی انتظاميہ اور پی ڈی ایم اے حكام كو ريسكيو آپريشن تيز تركرنے كی ہدايت كی اور اس مقصد كيلئے ايک ہيلی كاپٹر بھی فراہم كيا گيا ہے تاكہ ريسكيو ريليف اور امدادی سرگرميوں اور آپريشن ميں بھر پور حصہ ليا جا سكے۔ حکومت خیبرپختونخوا کے ترجمان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے معاون خصوصی مشتاق غنی نے کہا ہے کہ چترال میں امدادی کارروائیوں کیلیے ابتدائی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر مزید رقم بھی جاری کی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلیے 3، 3 لاکھ جبکہ زخمیوں کیلیے ایک ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے، اسی طرح مکمل تباہ شدہ مکانات کیلیے ایک لاکھ اور جزوی تباہ شدہ مکانات کیلیے 50 ہزار روپے کا معاوضہ دیا جائے گا
دوسری جانب چیرمین این ڈی ایم اے اصغر نواز کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقے ارسون میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر غذائی اشیا اور طبی سامان لے کر پہنچ چکا ہے جب کہ زخمیوں کو ارسون سے چترال پہنچا دیا گیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے سیلابی ریلے کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو صورت حال سے آگاہ رکھنے کا بھی حکم دیا جب کہ گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اوروزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بھی چترال میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے گورنر خیبرپختونخوااقبال ظفر جھگڑا کو فون کرکے اس ناگہانی آفت پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دوسری جانب چترال کےعلاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اپردیر میں طوفانی بارش کے بعد دریائے پنجکوڑہ میں شدید طغیانی ہے، سیلابی ریلے میں بہہ کر خاتون لاپتہ ہوگئی ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے نوجوان جاں بحق اور افراد زخمی ہوگئے۔ میانوالی کی تحصیل پپلاں کے مختلف علاقوں میں شدید بارش سے نہر کا بند ٹوٹ گیا جس سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ نالہ ڈیک میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ آئندہ12 گھنٹے میں بڑے سیلابی ریلے کا خطرہ ہے۔ بنوں میں تیز آندھی اور طوفانی بارش سے بجلی اور ٹیلیفون کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ لاہور، میانوالی(90ملی میٹر)، راولپنڈی، اسلام آباد، منڈی بہائوالدین، ملتان، بہاولپور، جہلم، لیہ، مری، جھنگ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ و دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن)، خیبرپختونخوا(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، کشمیر (مظفرآباد، میرپور، پونچھ ڈویژن )، ژوب ڈویژن، فاٹا (کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان ایجنسیاں) اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے

Page 1 of 2