پیر, 25 نومبر 2024

اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ہائیر ایجوکیشن ڈیویلپمنٹ اِن پاکستان منصوبے کے تحت بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے منتظمین (مینجرز)کے لئے ایک ہفتے پر محیط تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔

اسٹارٹ اپس کو معاونت فراہم کرنے والے ادارے انویسٹ ٹو انوویٹ (Invest2Innovate) کے تعاون سے متعقد کردہ تربیتی پروگرام کا انعقادکیاجس میں اسلام آباد، راوالپنڈی، پشاور اور آزاد جموں و کشمیرمیں موجود اعلٰی تعلیمی اداروں کے 17بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے منتظمین نے شرکت کی۔

ایچ ای سی اس سے قبل بھی بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے منتظمین اور اسٹاف کے لیے متعدد تربیتی پروگراموں کا انعقاد کر چکا ہے۔ تاہم اس تربیتی پروگرام میں شرکاء کواسٹارٹ اپس سے متعلق انکیوبیشن اور انکیوبیشن سے روایتی گریجوایشن سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی گئی۔اس پروگرام میں ایک کامیاب انکیوبیشن پروگرام جس میں تحقیق، مصنوعات کی پروٹوٹیپنگ(Rapid Product Prototyping)، اسٹارٹ اپس کی روڈ میپنگ(Road Mapping) کا سفر، بزنس کی بڑھوتری، بزنس سے وسائل پیداکرنے کا عمل، مالی بیانیہ ترتیب دینا، اورسرمایہ کاری کے لیے تیاری وغیرہ شامل ہیں کے عملی نفاذ کی تفاصیل کا مکمل احاطہ کیا گیا۔

تربیتی پروگرام میں شرکاء کو انوویٹر سیڈ فنڈ (Innovator Seed Fund) کے گرانٹس کے درست استعمال میں ان کے اہم کردار کے حوالے سے بتایا گیا۔ انوویٹر سیڈ فنڈ قومی سطح پر سیڈ فنڈنگ کا ایک بے مثال پروگرام ہے جس کا نفاذ ایچ ای سی بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے تعاون سے کررہا ہے۔ گرانٹ جیتنے والے افراد کو برنس انکیوبیشن سنٹرز کی طرف سے تکنیکی معاونت کے ساتھ ساتھ سیڈ فنڈنگ کے طور پر 35,000ڈالرز کی گرانٹ مہیا کی جائے گی۔ اپنے خطاب میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے انوویشن سیڈ فند کے بارے میں کہا کہ ایچ ای سی کے مشن سے ہم آہنگ فنڈکی یہ گرانٹس ایچ ای سی ڈی پی منصوبے کے کلیدی عناصر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای ڈی پی منصوبہ ملک میں انٹرپرینیورشپ اور جدت طرازی کی ثقافت کو فروغ دینے کے عمل میں مؤثرطور پر معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدت طرازی کی طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی، سماجی، ماحولیاتی، حتی کی عالمی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسرچ اینڈانوویشن (ایچ ای سی) حضرت بلال نے اپنے اختتامی خطاب میں تربیت کاروں، بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے ڈائریکٹرز اور ایچ ای سی ٹیم کو سراہا اور شرکاء سے تربیتی پروگرام کی افادیت پر آراء طلب کیں تاکہ مستقبل کے تربیتی پروگراموں کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

قبل ازیں اپنے ابتدائی کلمات میں ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ (ایچ ای سی) نوشابہ اویس کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی بزنس انکیوبیشن سنٹرز کو مکمل معاونت فراہم کرنے کا عزم رکھتاہے تاکہ بزنس انکیوبیشن سنٹرشعبہ تعلیم میں انٹر پرینیورشپ اور جدت طرازی کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں َ۔شرکاء نے تربیتی پروگراموں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ایچ ای سی ٹیم کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ انوویشن سیڈ فنڈ حاصل کرنے والے افراد درپیش چیلنجز کو حل کرنے اور مستقبل کی انٹرپرینیورز کے سفر کو آسان بنانے کے لیے انہیں بھرپور مدد فراہم کی جائے گی۔

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے ڈپارٹمنٹ آپریٹو ڈینٹسٹری کی جانب سے ڈیجیٹل ڈینٹسٹری کے عنوان سے سیمینار اور ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔

سیمینار کے مہمان خصوصی سی آئی ایم ایس میڈیکل کالج ملتان کے پرنسپل ڈاکٹر دل رشید نے کون بیم کمپیوٹڈ ٹوموگرافی (CBCT) کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ اسکین ڈینٹل امپلانٹ کیس کی منصوبہ بندی میں انتہائی معاون ثابت ہوتا ہے اور اس اسکین کی مدد سے کم ترین وقت میں انتہائی بہترین امپلانٹیشن کیا جاسکتا ہے

اس سلسلے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے دور حاضر کے تقاضوں پر مبنی سیمینار اور ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ طلبا یہاں سے حاصل معلومات کو عملی زندگی میں بروئے کار لاکر انسانیت کی خدمت کے پیشے میں بھرپور اور منفرد کردار ادا کرینگے۔

سیمینار سے افتتاحی خطاب میں ایس آئی او ایچ ایس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سید یاور علی عابدی نےکہا کہ دنیا تیزی سے جدت اور ترقی کی جانب گامزن ہےبحیثیت ترقی پزیر ملک ہمیں زمانے کے ساتھ چلنے کیلئے ڈیجیٹل ڈینٹسٹری کو اپنانے کی ضرورت ہے ، آج کا یہ سیمینار اور ورکشاپ اس سلسلے میں پہلا قدم ثابت ہوگا۔

سیمینار کے اختتام پر ایس آئی او ایچ ایس کے پرنسپل پروفیسر زبیر احمد عباسی نےکہا کہ جدت ہر دور میں دیکھی جاتی ہے تاہم اصل بات یہ ہے کہ ہمیں ڈینٹسٹری کے شعبے سے جڑی جدید ٹیکنالوجی سے روشناس ہو کر اپنی زندگی کو اس کے مطابق ڈھالتے رہنا چاہیے۔

سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر دل رشید اور سافٹ ویئر ایکسپرٹ ذوالفقار احمد کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ سیمینار کی نظامت ڈاکٹر ماہم منیب نے کی اس موقع پر فیکلٹی کیساتھ ساتھ طلبا و طالبات بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

بعد ازاں سافٹ ویئر ایکسپرٹ ذوالفقار احمد نے ورکشاپ میں طلبا و طالبات سے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئےمشق کروائی جس میں شرکاء کی جانب سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا گیا۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے قوم سے دعاؤں کی درخواست کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ویڈیو میں محمد رضوان نے کھلاڑیوں کے دفاع میں بات کی ۔

رضوان نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کے لیے جیت بہت ضروری ہے، ورلڈکپ کے دومیچز میں ٹیم شکست سے دوچار ہوئی، وہ ہماری ٹیم اور قوم کے لیے کافی درد والے تھے لیکن جو چیزیں ہمارے ہاتھ میں ہوں ہم اس کے لیے کوشش کرتے ہیں لہٰذا یہ شکست ہمارے لیے بھی دردناک تھی، جس طرح ٹیم کے کھلاڑیوں نے نیدر لینڈ کے خلاف فائٹ کی اللہ نے ہمیں ہمارا مومینٹم لوٹا دیا۔

سان فرانسسکو: ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نےتصدیقی بلیوٹک پر20ڈالرماہانہ فیس عائدکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے بلیو ٹک پر فیس عائد کرنے کے لیے سسٹم بنانے کے لیے انجینئرز کو 7 نومبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ ڈیڈ لائن تک پروجیکٹ پورا نہ کرنے کے صورت میں انجینئرز کو برطرف کرنے وارننگ دی گئی ہے۔

ایلون مسک نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے تصدیقی طریقہ کار کو نئے سرے سے بنایا جارہا ہے۔دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں تبدیلیاں لانے کا اعلان کیا تھا۔

تصدیقی عمل کے علاوہ ٹوئٹر کےدیگر فیچرز پر بھی فیس عائد کی جائے گی۔

 

پرتھ: ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے17ویں میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں نیدر لینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ابتدا سے ہی پاکستانی بالرز نے کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 90 رنز بناسکی، کولن ایکرمین نے سب سے زیادہ 27 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اسکاٹ ایڈورڈز 15 رنز بناکر نمایاں رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیفن مائیبرگ 6، میکس او ڈاؤڈ 8، ٹام کوپر 1، ٹم پرنگل 5، فریڈ کلاسن صفر جبکہ لوگن وین بیک نے 7 رنز اسکور کیے۔

اکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3، محمد وسیم جونئیر نے 2 جبکہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، قومی ٹیم نے ہدف 14 ویں اوور میں 4 وکٹیں گنوا کر حاصل کیا۔ کپتان بابراعظم ایک بار پھر 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر محمد رضوان 49 بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں قومی کرکٹرز نے رن ریٹ بہتر کرنے کے بجائے سنگل ڈبل پر فوکس کیا، شان مسعود نے 16 گیندوں پر 12 جبکہ افتخار احمد نے 5 رنز اسکور کیے۔

نیدر لینڈز کی جانب سے برینڈن گلوور نے دو جبکہ پال وین میکرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی : وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاھ نےپاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل ڈپارٹمنٹ قائم کر دیا ۔

کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں لاکھوں طلبہ سمیت ہزاروں ملازمین کی حاضری سے لیکر ہر چیز آن لائن ہو چکی ہے ، اس معیار کا کوئی ڈپارٹمنٹ پاکستان میں موجود نہیں ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاھ نے اپنے دور میں کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو مکمل طور ڈیجیٹلائزد کر دیا ہے ۔ جہاں ہر چیز آن لائن موجود ہے ، سید سردار علی شاھ نے پہلے مرحلے میں کالجز اور ملازمین کی پروفائل کو ڈیجیٹلائزد کیا ، اس کے بعد ان کے حاضری کے نظام سے لیکر تمام اجازت نامے آن لائن ایک کلک پر کر دیئے ہیں ۔

اس وقت کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں لاکھوں طلبہ کی حاضری اور ہزاروں ملازمین کی حاضری آن لائن ہو چکی ہے ، طلبہ کے لئے آن لائن داخلے ، ان کی سہولیات کے لئے ڈیجیٹل کمپلین بکس سے لیکر ان کے آئی ڈی کارڈ آن لائن موجود ہیں ۔ یہ پاکستان میں پہلا ڈپارٹمنٹ ہے جہاں تمام تر سہولیات ایک کلک پر موجود ہیں ۔

پرتھ: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی جارحانہ بالنگ نے نیدرلینڈز کے بیٹر کو اسپتال پہنچادیا۔

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں نیدرلینڈز کے اوپنر بس ڈی لیڈز فاسٹ بولر حارث رؤف کی باؤنسر لگنے کے باعث زخمی ہوگئے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بیٹر کے چہرے پر آنکھ کے نیچے کٹ لگا ہے جس کے باعث انہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں نیدر لینڈز کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب دونوں ٹیمیں آئی سی سی ایونٹ میں ایک بار مد مقابل آئی ہیں جہاں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔

برسبین: ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے 16 ویں میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دیدی۔

برسبین میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مقررہ 20 اوورز میں بنگال ٹائیگرز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناسکی، اوپنر نجم الحسن شنٹو نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان شکیب الحسن ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے انہوں نے 23 رنز اسکور کیے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سومیا سرکار صفر، لٹن داس 14، عفیف حسین 29 اور مصدق حسین 7 رنز بناکر نمایاں رہے۔

زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگروا اور بلیسنگ مزاربانی نے دو دو جبکہ سکندر رضا اور شان ولیمز ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز اچھا نہ تھا تاہم شان ولیمز کی شاندار اننگز کی بدولت افریقی ٹیم نے بنگال ٹائیگرز کو ٹف ٹائم دیا، ولیمز نے 64 رنز کی اننگز کھیلی وہ شکیب الحسن ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 2 جبکہ مصدق حسین اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

پرتھ: ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے17ویں میچ میں نیدر لینڈز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں نیدر لینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے پاکستان انڈر پریشر رکھیں۔

س موقع پر کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حیدر علی کی جگہ فخر زمان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
قبل ازیں قومی ٹیم ٹی20 ورلڈکپ میں اپنے ابتدائی دو میچز بھارت اور زمبابوے سے ہار چکی ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان بابراعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، فخر زمان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف

لاہور : پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کےکورسزمیں پڑھائی جانے والی 6 کتابیں تبدیل کر دی ہیں۔

پنجاب ٹیکس بک بورڈ نے اپنے اس فیصلے کے حوالے سے پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جماعت نہم دہم، فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے سالانہ امتحانات 2023ء اور 2024ء نئی کتابوں سے لئے جائیں گے۔

تبدیل کی جانے والی کتابوں میں جماعت نہم کی اسلامیات کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ تبدیل شدہ کتابوں میں ٹیکنیکل، جغرافیہ اور ترجمہ قرآن سمیت دیگر کتابیں شامل ہیں۔