جمعرات, 13 فروری 2025

جامعہ کراچی میں اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقادکیاگیا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں پالیسی ساز اس بات کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں کہ انسانوں کی ترقی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ہمارے پالیسی سازوں نے معاشی خوشحالی کو کبھی اہمیت نہیں دی اور حکومتیں اس پہلوکو تواترکے ساتھ نظر اندازکررہی ہیں اورہم تاحال دوسری قوموں سے سیکھنے سے قاصرہیں۔

چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن سندھ نجم احمد شاہ نے صوبائی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے اور ہیلتھ و انفرااسٹرکچرسیکٹر میں صوبے کی کامیاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تھر کول انرجی پراجیکٹ، متبادل توانائی کے اقدامات اور دیہی ترقی کے منصوبوں نے گزشتہ 12 سالوں میں معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

معروف ماہر معاشیات وسابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افراط زر میں کمی اکثر بے روزگاری میں اضافے کا باعث بنتی ہے، لیکن یہ نظریہ لاگت کو بڑھانے والی افراط زر کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار نہیں ہے۔

شعبہ معاشیات جامعہ کراچی کے پروفیسرڈاکٹر عبدالوحید نے کہا کہ پالیسیاں مرتب کرنے سے قبل بنیادی اقتصادی چیلنجوں کی نشاندہی ناگزیرہے

اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر نورین مجاہد نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد ماہرین کے مباحثوں اور انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے اہم اقتصادی موضوعات، ابھرتے ہوئے رجحانات اور اختراعی پالیسیوں کو تلاش کرنا ہے۔
اس موقع پر پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس کے دوران ماہرین نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کو بڑھانے میں صنعتی ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی

 

آج عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 16ڈالر کی کمی سے 2888ڈالر کی سطح پر آگئی۔

فی تولہ سونے کی قیمت 1600 روپے کی کمی سے 3لاکھ 1ہزار 500روپے کی سطح پر آگئی

فی دس گرام سونے کی قیمت 1372روپے گھٹ کر 2لاکھ 58ہزار 487روپے کی سطح پر آگئی

نان ٹیچنگ پوسٹوں پر اساتذہ کی تقرری کے معاملے پر ڈی پی آئی آفس ملازمین نے ہڑتال کردی۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ ڈی پی آئی افس میں منسٹریل سٹاف کی 8پوسٹیں ہیں، چار پر ٹیچرز کی تعیناتی ہے، نان ٹیچنگ سٹاف کا حق مار کر اساتذہ کی تعیناتی کی گئی۔

جب تک نان ٹیچنگ سٹاف کو منسٹریل پوسٹیں نہیں ملتی احتجاج جاری رہے گا۔

سفارشی اساتذہ کو لاہور میں تعیناتی کیلئے نان ٹیچنگ کی پوسٹوں کی قربانی دی گئی۔ ملازمین کے احتجاج سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے

آئی سی سی چیمپئنزٹرافی میں شرکت کےلیےافغانستان کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی۔

افغانستان کرکٹ ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا، افغان کرکٹ ٹیم آج آرام کے بعد کل سے لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔

افغانستان کے اسپنر اے ایم غضنفر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے اسپنر ایم اے غضنفر کے انجرڈ ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غضنر فریکچر کی وجہ سے 4 ماہ کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں ۔

ریزور کھلاڑیوں میں شامل ننغائل خروتی کو چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب افغان اسپنر مجیب الرحمان مکمل فٹ ہونے تک ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج ٹرائی نیشن سریز کا اہم مقابلہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جارہا ہے جہاں افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

آج کی فاتح ٹیم 14 فروری کو نیوزی لینڈ سے فائنل کھیلے گی۔

پاکستان ٹیم میں فخر زمان،بابراعظم،سعود شکیل ، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر،خوشدل شاہ،شاہین آفریدی،محمد حسنین،نسیم شاہ،ابرار احمد ٹیم کا حصہ ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ نئی کنڈیشنز ہیں نیا دن ہے،ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے،سلمان آغا اچھی بولنگ کرتے ہیں،میرا نہیں خیال کےایکسٹرا اسپنرکی اسکواڈ میں ضرورت پڑے گی۔

کپتان جنوبی افریقا ٹمبا باووما نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں، ٹونی ڈی زورزی،ہینرک کلاسن،کوبن بوش،کیشو مہاراج پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

گوگل میسجز کی جانب سے ایک دلچسپ فیچر متعارف کرانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے گوگل میسجز کو استعمال کرنے والے صارفین اس ایپ سے براہ راست واٹس ایپ ویڈیو کال کرسکیں گے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میسجز کے اے پی کے کوڈ سے عندیہ ملا ہے کہ اس نئے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر گوگل میسجز پر آپ کسی دوست یا فرد سے چیٹ کر رہے ہیں اور آپ دونوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس بھی ہیں تو اوپر دائیں جانب موجود مینیو میں ایک نیا آپشن جلد نظر آئے گا۔

یہ آپشن ویڈیو آئیکون پر مشتمل ہوگا اور جب آپ اس پر کلک کریں گے تو وہ آپ سے واٹس ایپ ویڈیو کال کے بارے میں پوچھے گا۔جب آپ واٹس ایپ کال کے آپشن پر کلک کریں گے تو ویڈیو کال کا آغاز ہو جائے گا۔آپ کو اس کے لیے گوگل میسجز سے باہر نکلنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدا میں یہ آپشن ون آن ون چیٹس کے لیے دستیاب ہوگا۔واٹس ایپ گروپ چیٹس یا جب آپ کسی ایسے فرد سے چیٹ کریں گے، جس کا واٹس ایپ اکاؤنٹ نہیں ہوگا تو ویڈیو کال کا آپشن آپ کو گوگل میٹ پر لے جائے گا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ گوگل میسجز میں واٹس ایپ ویڈیو کال کو کس میکنزم کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا
اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ اس فیچر کو باضابطہ طور پر سب صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے، ہوسکتا ہے کہ اس میں چند ہفتے یا مہینے لگ جائیں۔

ایپل نے اپنے صارفین کو نئی ہدایت جاری کردی

ایپل نے آئی فونزصارفین کو آپریٹنگ سسٹم کو فوری اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

ایپل کی جانب سے آئی او ایس 18.3.1 اپ ڈیٹ کو جاری کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی او ایس 18 یا اس کے بعد کے اپ ڈیٹ ورژن صرف آئی فون ایکس ایس یا اس کے بعد ماڈلز کے لیے دستیاب ہیں، 2017 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکتا۔

آئی او ایس 18.3.1 کو فوری اپ ڈیٹ کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ اس کے ذریعے آئی فونز میں موجود ایک انتہائی سنگین سکیورٹی کمزوری کو فکس کیا گیا ہے۔

ایپل کے سپورٹ پیج کے مطابق اس سکیورٹی کمزوری سے حملہ آوروں کو یو ایس بی ریسٹرکٹڈ موڈ ڈس ایبل کرکے لاک آئی فون تک رسائی مل سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس سکیورٹی کمزوری کو مخصوص افراد کو ہدف بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے اور اسی لیے اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یو ایس بی ریسٹرکٹڈ موڈ آئی فونز کا ایک سکیورٹی فیچر ہے جو یو ایس بی accessories کو کسی ڈیوائس سے اس وقت کنکٹ کرنے روکتا ہے جب فون کو لاک ہوئے ایک گھنٹے سے زائد وقت ہوچکا ہو۔

اس طرح صارفین کے ڈیٹا کو تحفظ ملتا ہے اور دیگر افراد کنکٹ ڈیوائسز کے ذریعے ان کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں کرپاتے۔

مگر جو سکیورٹی کمزوری سامنے آئی ہے اس سے حملہ آوروں کو ڈیٹا تک پہنچنے میں مدد مل سکتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو آئی فونز کو جلد از جلد اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

برطانیہ کی مانچسٹرمیٹروپولیٹن یونیورسٹی کے پروفیسرڈاکٹر نثاراحمدنے وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی

جس کا مقصدپوسٹ گریجویٹ اسٹوڈنٹس انگیج منٹ پروگرامزاورجامعہ کراچی اور مانچسٹرمیٹروپولیٹن یونیورسٹی کے مابین جن شعبہ جات میں اشتراک کوفروغ دیاجاسکتاہے اس حوالے سے اقدامات کرنااور اس بات کویقینی بناناہے کہ جامعہ کراچی اور مانچسٹرمیٹروپولیٹن یونیورسٹی کے کن شعبہ جات میں مشترکہ مفادات کو فروغ دیا جاسکتاہے کو نمایاں کرناہے۔

جامعہ کراچی اور میڈکس لیبارٹریزکے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی اور میڈکس لیبارٹریز کے چیف ایگزیکیٹوآفیسروڈائریکٹر عظیم حسین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق میڈکس لیبارٹریز، فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز اور فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز نے پوسٹ گریجویٹ ریسرچ پروجیکٹس (ایم فل/پی ایچ ڈی) شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

میڈکس 10 لاکھ روپے کی اسپانسرشپ فراہم کرے گی جس میں سے فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز کو 750,000 روپے جبکہ فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز کو مشترکہ سیمینارز اور تحقیقی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے 250,000 روپے فراہم کئے جائیں گے۔

میڈکس لیبارٹریز جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو ہربل اور فارماسیوٹیکل سائنسز سے متعلق ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز اور فیکلٹی آف فارمیسی اور فارماسیوٹیکل سائنسز کے طلباء کے لیے صنعتی دوروں، تربیت اور انٹرن شپ کے مواقعوں کا بھی اہتمام کرے گی۔

ثانوی تعلیمی بورڈکے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے دہم جماعت کے آن لائن امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں آخری بار بغیر لیٹ فیس کے توسیع کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنس و جنرل گروپ کے آن لائن امتحانی فارم 17فروری تک بغیر لیٹ فیس کے ساتھ جمع کئے جائیں گے اسکولوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے فیس واؤچر نیشنل بینک کی برانچوں میں جبکہ سیکریٹر ی بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے نام پے آرڈر بنوا کر بورڈ کے اکاؤنٹ سیکشن کمرہ نمبر4میں بھی جمع کرا سکتے ہیں۔

گورنمنٹ بلدیہ،میونسپل کارپوریشن اور محکمہ محنت کے ماتحت آنے والے اسکول بھی آن لائن امتحانی فارم اسی شیڈول کے مطابق بغیر کسی فیس کے جمع کرا سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آن لائن امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے11فروری سے 17فروری 2025ء تک جمع کئے جائیں گے

واضح رہے کہ پرائیویٹ اور ایسے طلباء وطالبات جو نہم جماعت 2024، گزشتہ سالوں میں ناکام، امپروومنٹ آف گریڈ، اضافی پرچے یا دیگر بورڈز کے امتحانات2025 میں شریک ہونا چاہتے ہیں وہ طلباء و طالبات امتحانی فارم بورڈ جمع کرواسکتے ہیں۔

Page 1 of 3058