ایمز ٹی وی (کوئٹہ) جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مودی پاکستان کے لئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، بیرونی سازشوں کے خلاف پاکستانی قوم متحد ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام ہر سطح پر قربانیاں دے رہی ہے اور وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی فوج کی بربریت کا سامنا کررہی ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران اور پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مؤثر پالیسی بنانی چاہئیے، انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی پاکستان کیلئے خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے، ملک کے خلاف بیرونی سازش کے خلاف پوری قوم یکسو و متحد ہے۔
سارک سربراہ کانفرنس میں بنگلہ دیش کے شرکت نہ کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ واجد بھارت کی کٹھ پتلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام میں احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے حکمرانوں کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ کرپشن مافیا عوام کے خون پسینے کی کمائی بے دردی سے لوٹ رہی ہے۔
بلوچستان کے حقوق کے حصول کیلئے جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں