بدھ, 27 نومبر 2024


زیارت سے سات افراد کی لاشیں برآمد

ایمزٹی وی (سیاسی) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع زیارت سے سات افراد کی لاشیں بر آمد ہوئی ہیں جنھیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ زیارت کی مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ لاشیں جمعے کو سنجاوی کے علاقے سے ملی ہیں اور انکی حالت سے لگتا ہے کہ ان افراد کی ہلاکت کو زیادہ وقت نہیں گزرا۔ انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ علاقے میں لاشوں کی موجودگی کی اطلاع پر حکام جائے وقوع پر پہنچے اور انھیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا۔تاحال ان ساتوں افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ یہ ہفتۂ رواں میں بلوچستان سے ایسی لاشیں ملنے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو قلعہ سیف اللہ کے علاقے سے ایسی تین لاشیں ملی تھیں جنھیں سر میں گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے بعد ویرانے میں پھینک دیا گیا تھا۔ ان تینوں افراد کے جسموں پر تشدد کے نشانات بھی تھے۔ بلوچستان سے مسخ شدہ اور تشدد زدہ لاشوں کی بر آمدگی کا سلسلہ سن 2008 میں شروع ہوا تھا۔ قوم پرست اورعلیحدگی پسند ان واقعات کے لیے ملک کی اسٹیبلشمنٹ کو ذمہ دار ٹھہراتے رہے ہیں۔ تاہم بلوچستان کی موجودہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اب ایسے واقعات میں کمی آئی ہے۔ محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ذرائع کے مطابق اس سال کے دوران اب تک 150 سے زائد افراد کی لاشیں بر آمد ہوئی ہیں۔ تاہم لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم وائس فارمسنگ بلوچ پرسنز کا دعوی ہے کہ اس سال کے دوران برآمد ہونے والی لاشوں کی تعداد 500 کے لگ بھگ ہے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment