ایمزٹی وی(کوئٹہ)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کی شناخت نہیں ہماری پہچان صوفیائے کرام ہیں۔
جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ پاکستانیت بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے ساتھ ان کے عظیم افکار وبلند کردار کے ساتھ وابستہ ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح مخلص، دیانتدار اور پرعزم نظم وضبط کے پابند اور عظیم لیڈر تھے، جو قومیں اپنی تاریخ سے نہیں جڑتیں ان کا کوئی مستقبل نہیں، ہم مہر گڑھ، وادی سندھ اور گندھارا جیسی تاریخی تہذیبوں کے امین ہیں، پاکستان کے لوگ صوفیانہ طرز زندگی کے قائل انتہائی صبرواستقامت اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شاعر وداب، مواقع و تاریخ کی سرزمین ہے، ہماری قومی زبان اردو ایک ذرخیز زبان ہے جبکہ پاکستان شاعروں وادیبوں، صوفیا واولیائے کرام، احترام انسانیت، روا داری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے والوں کی سرزمین ہے۔ پاکستانی قوم مشکلات کے باوجود کامیابی سے منزل کی طرف بڑھ رہی ہے، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اب نوجوانوں اور طلبا وطالبات نے اٹھانا اور سربلند کرنا ہے۔
عالمی سروے کے مطابق پاکستان قوم دنیا بھر میں اپنی مادر وطن کا دفاع کا جذبہ رکھنے والے دوسری بڑی قوم ہے، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا عظیم کردار وبلند افکار اور تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔