ایمزٹی وی (کوئٹہ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پُرامن اور خوشحال بلوچستان کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج بلوچستان میں نوجوانوں کے بہترین مستقبل کیلئے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے ترقی کی رائیں کھل گئی ہیں، 25 ہزار طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں، 8 ہزار نوجوانوں کو سکیورٹی فورسز میں بھرتی کیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہم ملکر کام کرینگے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارا شمار ترقی یافتہ ممالک میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو بلوچستان میں 632 سڑکیں تعمیر کر چکی ہے، ایف ڈبلیو کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر کا کام نہیں رکنا چاہئے۔ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے۔اس حوالے سے راحیل شریف کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی اداروں اور عوام کی شراکت کے بغیر ترقی ممکن نہیں، بلوچستان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کو باہر سے فنڈنگ اور اندر سے سپورٹ مل رہی ہے مگر دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے دم لینگے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور استحکام کیلئے سرحدوں کو کنٹرول اور محفوظ بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔ سرحدوں کو کنٹرول کرنا اہم چیلنج ہے۔ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں نہیں جانا چاہتے کہ جس سے صوبہ مشکل صورتحال سے دو چار ہو۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مزید کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں سے ملک میں جلد امن قائم ہو گا۔