ایمز ٹے وی (گلگت) تحریک انصاف گلگت بلتستان کے ڈپٹی آرگنائزر فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وومن ٹریفکنگ کی تحقیقات کی بجائے اس کو دبانا چاہتی ہے ۔حکومت نے اس معاملے پر سنجیدگی نہیں دکھائی تو ہم عدالتوں میں جائیںگے۔
ہمیں حیرانگی ہو رہی ہے کہ اہم حکومتی ذمہ داروں پر اتنے سنگین الزامات لگنے کے باوجود حکومت اس معاملے پر انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ابھی تک تمام معاملات کی تحقیقات کے بعد حقائق عوام کے سامنے لانے چاہئے تھے مگر حکومت کسی طرح اس ایشو کو دبانے کے چکروں میں ہے جس کی وجہ سے شکوک و شبہات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صحافی کو بھی بلائے لیکن ساتھ ہی اپنے طور پر بھی اس معاملے کی تحقیقات کرے صرف صحافی پر شواہد دینے کے حوالے سے دبائو ڈالنا سمجھ سے بالاتر ہے اس سیکنڈل سے گلگت بلتستان کی عزت خاک میں مل گئی ہے اور ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں مگر حکومت کو کوئی پرواہ ہی نہیں ہے حکومت نے اس معاملے کی شفاف تحقیقات نہیں کی تو ہم عدالت سے رجوع کریںگے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ اپنوں کو نوازنے پر لگی ہے ٹھیکوں سے لے کر ملازمتوں تک ہر جگہ خلاف قانون اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔