منگل, 28 جنوری 2025


میٹرک سالانہ امتحانات کےمایوس کن نتائج کی تحقیقات کاحکم

چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں کے میٹرک سالانہ امتحانات مایوس کن نتائج کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خراب نتائج کی تحقیقات کرکے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔

چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے مایوس کن اور خراب نتائج پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کے خراب نتائج کے اسباب تلاش کئے جائیں گے جو جو لوگ ذمہ دار ٹھہریں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائےگی،متعلقہ حکام تین روز میں خراب نتائج کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جاسکے،

ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا سکولوں کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے پر عزم ہیں وہ چاہتے ہیں کہ خراب نتائج کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں، ادھر چیف سیکرٹری کو خفیہ مراسلہ موصول ہوا ہے جس میں ان سے شکایت کی گئی ہے کہ سرکاری اسکولوں کے خراب نتائج کی ایک وجہ اسکولوں میں پسند ناپسند کی بنیاد پر اساتذہ کی تعیناتیاں ہیں،کئی سکولوں میں طلبہ کی شرح سے کئی گنا زیادہ اساتذہ تعینات ہیں جبکہ متعدد سکولوں میں ضرورت سے کم اساتذہ تعینات کئے گئے ہیں، سبجیکٹ سپیشلسٹ سے انتظامی عہدوں پر رکھ کر کام لیا جارہا ہے، پسند نا پسند کی بنیاد پر اساتذہ کی تعیناتیوں کی وجہ سے نظام تعلیم متاثر ہورہا ہے

چیف سیکرٹری نے سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتیوں کے معاملے کا از سر نو جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیدیا ہے اور تمام ماتحت افسران کو سکولوں کے بارے میں ہر ماہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنےکی بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment