ایمزٹی وی (اسلام آباد)صدر ممنون حسین کا کہنا ہے كہ ہماری بری ، بحری اور فضائی افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس ہیں اورمیں بحیثیت سربراہ مملكت قوم كو یقین دلاتا ہوں كہ پاكستان كا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
یوم دفاع كے موقع پر اپنے پیغام میں صدرمملكت ممنون حسین نے كہا ہے كہ 6 ستمبرہماری قومی تاریخ میں ایك اہم سنگِ میل كی حیثیت ركھتا ہے، 51 سال قبل ہمارے افسروں، جوانوں ، سیلروں اور ہوابازوں نے جرأت وبہادری كا مظاہرہ كرتے ہوئے قوم كے شانہ بشانہ دشمن كی جارحیت كو ناكام بنا كر وطن عزیز كی مقدس سرحدوں كا دفاع كیا، یہ دن ہماری مسلح افواج اور قوم كے اس عزم و استقلال كو اجاگر كرتا ہے جسے ہماری سا لمیت، بقاءاور دفاع كے ساتھ ساتھ پاكستان كی خوش حالی اور ترقی كے لیے بھی جزو لاینفك كی حیثیت حاصل ہے۔
صدر مملکت نے كہا كہ آج جب ہم اس یادگار موقع پر اپنے شہدا اور غازیوں كو خراج عقیدت پیش كررہے ہیں، یہ لمحات ہم سے ملی یكجہتی كے فروغ اور قومی سوچ اپنانے كا تقاضا كرتے ہیں جو پاكستان كے خلاف ہونے والی سازشوں، ریشہ دوانیوں اور چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے كے لیے ناگزیرہیں۔