ایمزٹی وی(مانیٹرڈیسک)لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید جوانوں کی نماز جنازہ جہلم میں ادا کر دی گئی ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شہید جوانوں کی بہادری اور قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کنٹرو لائن پر شہید جوانوں کی نماز جنازہ جہلم میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی ایم آئی اور کور کمانڈرز شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت بھی کی جہاں انہیں ایل او سی کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید جوانوں کی بہادری اور قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائےگا اور ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔