ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنیوں کے معاملے پر سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ای سی پی نے سپریم کورٹ میں حنیف عباس کے کیس میں یہ جواب جمع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے یونائٹیڈ شوگر ملز کے شیئرز غیر قانونی طور پر اور دیگر افراد کے نام پر خریدے اور ان کی خرداری سے 7 کروڑ 30 لاکھ روپے کمائے۔
ایس ای سی پی نے معاملے کی انکوائری کی اور جس دوران جہانگیر ترین نے کمپنی سے قواعد کے خلاف رقم بنانے کا اعلان کیا اور بعد ازاں غیر قانونی رقم واپس بھی کی جبکہ غیر قانونی شیئرز خریدنے پر جہانگیر ترین کو جرمانہ بھی کیا گیا۔ جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر ایس ای سی پی نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے اور اب عدالت حنیف عباسی کی درخواست پر مناسب فیصلہ کرے۔