ایمزٹی وی(اسلام آباد) نئے آرمی چیف کی تقرری کے لئے وزیر اعظم آج خاص وزرا سے سر جوڑ کر بیٹھیں گے ۔ وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں ایل او سی پر بھارتی دہشت گردی اور افغان مہاجرین کی واپسی پر بھی غور کیا جائے گا ۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف خاص وزیروں مشیروں سے نئے آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر مشاورت کریں گے ۔ ملکی سلامتی اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا ۔ کنٹرول لائن ، ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی دہشتگردی اور بھارت میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کےمعاملے پر بھی تبادلہ خیال ہو گا ۔
وفاقی کابینہ افغان مہاجرین کے حوالے سے پالیسی کی منظوری دے گی ، جس میں ان کو تین درجوں میں تقسیم کر کے ویزوں کی ترجیحات طے کی گئی ہیں ۔ پہلی کیٹیگری میں افغان طالب علم ، دوسری میں پاکستانی سے شادی کرنے والے افغان شہری اور تیسرے درجے میں عام مہاجرین ہوں گے ۔