ھفتہ, 23 نومبر 2024


پی آئی اے نے اپنا بیان بدل لیا

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)ترجمان پی آئی اے نے ایک بار پھر حادثے کا شکار ہونے والے اے ٹی آر طیارے کے انجن میں پہلے سے خرابی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ طیارے کو ٹیک آف سے پہلے اچھی طرح چیک کیا گیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ 7 دسمبر کو حادثے کا شکار ہونے والے اے ٹی آر طیارے کے انجن میں پہلے سے خرابی کا کوئی علم نہیں، طیارے میں دوران پرواز کوئی خرابی پیدا ہوئی ہوگی۔ ترجمان نے کہا کہ پرواز سے پہلے طیاروں کے انجن چیک کیے جاتے ہیں اور حادثے کا شکار طیارے کو بھی ٹیک آف سے پہلے چیک کیا گیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ طیاروں کی مرمت بین الاقوامی طریقہ کار کے مطابق اورمینٹیننس مقررہ اوقات پر کی جاتی ہے جب کہ انجن بھی مینول کے مطابق تبدیل کیے جاتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات آزاد ادارہ کررہا ہے۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر کو چترال سے اسلام آباد جانے والا پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس میں جہاز کے عملے سمیت 47 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ طیارے میں جنید جمشید اور ان اہلیہ بھی موجود تھیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment