اتوار, 24 نومبر 2024


ڈرون حملہ کیس؛ بے گناہ کیڑے مکوڑوں کی طرح مرتے رہیں، مقدمہ درج کرنا پڑے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد)  ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیزصدیقی پرمشتمل سنگل بینچ نے ڈرون حملوں کی ایف آئی آردرج نہ ہونے کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت کے دوران ایف آئی آردرج کرنے کاحکم برقرار رکھتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو کہا ہے کہ عدالت کے حکم پر ہرصورت میں عملدرآمد کرنا ہوگا۔

آئی جی اسلام آباد نے ایف آئی آر درج نہ ہونے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرادی۔ عدالت نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی عوام کوکیڑے مکوڑوں کی طرح ماردیا جاتاہے، ڈرون حملوں میں بیگناہوں کی ہلاکت پرافسوس تک نہیں کیا جاتا۔ فاضل جج نے کہاکہ لوگ پوچھتے ہیں قبائلی علاقوں میں مارے جانے والے بچوں کے لواحقین کا مداواکون کرے گا، ڈرون حملے کے متاثرین صرف اپنی شکایات درج کراناچاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وہ آئی جی اسلام آبادکو بعض خفیہ معلومات چیمبرمیں بتانا چاہتے ہیں، یہ 2ملکوں کے درمیان تعلقات کا معاملہ ہے۔ دفتر خارجہ کو سنے بغیرایف آئی آردرج نہ کی جائے۔ جسٹس شوکت نے کہاکہ دکھ کی بات ہے حکومت کے نزدیک اپنے شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی کوئی اہمیت نہیں۔ عدالت نے آئی جی طاہرعالم کی جانب سے مقدمہ درج نہ کیے جانے کی وجوہ پرمبنی رپورٹ مستردکرتے ہوئے انھیں 25 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment