ایمزٹی وی(اسلام آباد)ملکی سیاسی نوعیت کے سب سے اہم کیس پاناما لیکس کا فیصلہ آج دوپہر 2بجے سپریم کورٹ کے کورٹ روم نمبر1میں سنایا جائے گا ۔کیس کی سماعت کورٹ روم نمبر2 میں ہوتی رہی مگر فیصلے کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے لئے مختص کورٹ روم نمبر 1 کا انتخاب کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میںجسٹس عظمت سعید شیخ ، جسٹس اعجاز افضل ، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ 26مسلسل سماعتوں کے بعد پاناما کیس کا فیصلہ آج دوپہر 2بجے سنائے گا ۔
سپریم کورٹ کا لارجر بینچ اس بڑے کیس کا بڑا فیصلہ سپریم کورٹ روم نمبر 1میں سنائے گا ، کورٹ روم نمبر 1عام طور پر چیف جسٹس سپریم کورٹ کیلئے مختص ہوتا ہے مگر آج اس بینچ کو خصوصی طور پر اس روم میں بیٹھ کر فیصلہ سنانے کی اجازت دی گئی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے اور ریڈ زون میں پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا ہے۔وزیر اعظم نوازشریف نے لیگی کارکنوں کو سپریم کورٹ جانے سے منع کر دیا ہے ۔ادھر فیصلہ سننے کیلئے عمران خا ن سمیت پارٹی کے 15رہنماﺅں کو پاسز جاری کر دیے گئے ہیں