ایمز ٹی وی ( اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف یمن کی صورتحال پر سعودی قیادت سے تبادلہ خیال کے لیے ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال سعودی وزیر داخلہ نائب ولی عہد نیاف السعود اور وزیر دفاع پرنس محمد بن سلمان السعود نے کیا۔وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری بھی سعودی عرب گئے ہیں۔دوران سفر طیارے میں وزیراعظم نواز شریف نے ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں یمن کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد مقرن بن عبدالعزیز سے ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کا فیصلہ گزشتہ روز یمن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔