ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کونگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مقرر کردیا۔
الیکشن کمیشن اسلام آباد میں خیبر پختونخوا میں نگراں وزیراعلی کے لئے اسپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے بھجوائے گئے ناموں پرغورکیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے غورکے بعد جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کو نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مقرر کردیا۔
الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت صوبائی اسمبلی میں قائد ایوان اورقائد حزب اختلاف نگراں وزیراعلیٰ کے لئے کسی نام پر متفق نہ ہوسکے جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی، کمیٹی بھی کسی نتیجے پرنہ پہنچ سکی تو اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے الیکشن کمیشن کو 4 نام اعجاز قریشی، حمایت اللہ خان، منظور آفریدی اور جسٹس (ر) دوست محمد ریفر کیے تھے۔
واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس جب کہ سپریم کورٹ کورٹ کے فاضل جج بھی رہ چکے ہیں ، وہ سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے چند ماہ قبل ہی ریٹائرہوئے ہیں۔