ایمز ٹی وی (اسلام آباد): چیف آف ایئر اسٹاف اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار عامر اطلس کومصر کے عمرعبد المغید نے ٹائٹل کے حصول سے محروم کردیا جوکہ جمعرات کو اسلام آباد میں اسکواش کمپلیکس کھیلا گیا ۔
مصری حریف عمرعبد المغید نے فائنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے آخری تینوں گیمز جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
16اکتوبر سے شروع ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹ میں 7غیر ملکیوں سمیت 50 کھلاڑیوں نے شرکت کی،اس موقع پر فاتح کھلاڑی عمر عبدالمغید نے کہا کہ عامر اطلس خان تجربہ کار اورخطرناک کھلاڑی ہیں، فائنل سے قبل ہی حکمت عملی تیار کرلی تھی کہ میزبان اسٹار کو کیسے ہرانا ہے۔
پاکستان میں7 سالہ تعطل کے بعد منعقد ہونے والا25 ہزار ڈالر انعامی رقم کا حامل پی ایس اے ایونٹ جمعرات کے روز اختتام کو پہنچا، فائنل میں عامر اطلس خان کو ٹاپ سیڈ مصری حریف عمر عبدالمغید کا چیلنج درپیش تھا، ہوم کراؤڈ کی سپورٹ میں پاکستانی کھلاڑی نے ابتدائی دونوں گیمز باآسانی11-6 اور11-6 سے جیت کر برتری حاصل کی۔
بعد ازاں مصری پلیئر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے تیسرا گیم11-4 سے اپنے نام کرلیا، چوتھے گیم میں بھی ٹاپ سیڈ مکمل طور پر چھائے رہے اور عامر کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہ کیا،11-5 کی فتح کے بعد مقابلہ 2-2 سے برابر ہوگیا، آخری اور فیصلہ کن گیم میں دونوں پلیئرز کے مابین گھمسان کا رن پڑا،کبھی عامر تو کبھی عمر عبدالمغید آگے چلے جاتے لیکن آخری لمحات میں قسمت ٹاپ سیڈ پلیئر پر مہربان رہی، انھوں نے11 کے مقابلے میں13پوائنٹس سے فتح حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل طاہر رفیق بٹ نے انعامات تقسیم کیے