اسلام آباد: حکومت نے حالیہ دھرنے اور احتجاج کے دوران متاثرہ شہریوں کو معاوضہ کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے آسیہ کی رہائی کے خلاف احتجاج اور دھرنے کے دوران متاثر ہونے والے شہریوں کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو معاوضہ پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ عمران خان نے کہا کہ شرپسندوں کی کارروائیوں سے جن شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچا اس کا ازالہ کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں آسیہ مسیح کو رہا کردیا ہے جس کے خلاف ملک بھر میں تین روز تک تحریک لبیک اور دیگر جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ اس دوران شرپسند عناصر کی جانب سے توڑ پھوڑ بھی کی گئی اور شہریوں کی املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔
پولیس نے دھرنا ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تحریک لبیک کے ہزاروں کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے سیکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بھی آسیہ کی بریت کے خلاف ملک بھر میں ہونے والی توڑ پھوڑ کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی۔