اسلام آباد : تحریک انصاف کی حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے خصوصی تقریب جناح کنونشن سینٹرمیں منعقد کی گئی ہے جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد نے کہا کہ ہم نے کفایت شعاری کو اپنایا اور نہایت ایمانداری سے شفاف اندازمیں خودکو قابل احتساب ٹھہرایا جب کہ لوکل حکومتوں کو مکمل با اختیار بنایاجائےگا، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے گا۔ مستقبل کے منصوبوں اور اقدامات سے متعلق ارباب شہزاد نے بتایا کہ خواتین کے لیے انصاف کا حصول آسان کیا جائے گا اور ملک بھر میں یکساں اور معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے گا جب کہ وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کیا جارہاہے، اسی طرح پانچ سال میں ملک بھر میں 10 بلین درخت اگائے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان تقریب میں معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات اور50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے بارے میں بتائیں گے، اس کے علاوہ تعلیمی اصلاحات، احتساب اور لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے لئے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔ خیال رہے کہ حکومت کا 100 روزہ پلان 6 نکات پر مرکوز تھا جس میں طرزحکمرانی میں تبدیلی، وفاق کی مضبوطی، اقتصادی ترقی کی بحالی، ذراعت کی ترقی اور پانی کا تحفظ، سماجی خدمات میں انقلاب اورقومی سلامتی کو یقینی بنانا شامل تھا۔