جمعہ, 22 نومبر 2024


پرویزمشرف نےپاکستان آنےکافیصلہ کرلیا

اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف سنگین غداری کیس کا سامنا کرنے کیلئے یکم مئی کو پاکستان آئیں گے۔
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے کہا ہے کہ سابق صدرپرویز مشرف نے سنگین غداری کیس کا سامنا کرنے کیلئے یکم مئی کو پاکستان آنے کافیصلہ کیا ہے ، سابق صدر کے وکیل کے مطابق پرویز مشرف اپنی رہائشگاہ چک شہزاد میں قیام کریں گے جہاں استقبال کی تیاریاں اور انتظامات جاری ہیں۔وکیل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سابق صدر کی صحت خراب ہے اوران کی صحت میں روزانہ کی بنیادوں پر اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے،سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ 2 مئی کو خصوصی عدالت میں پیش ہونے کےلئے پرویز مشرف پر عزم ہیں جبکہ ان کے اہلخانہ نے بھی واپسی کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہاکہ وطن واپسی کنفرم ہونے پر خصوصی عدالت میں سکیورٹی کیلئے درخواست دائر کی جائے گی ۔
 
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سنگین غداری کا مقدمہ منطقی انجام تک پہنچانے کے معاملہ پر 5صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سنگین غداری کے جرم سے بڑا جرم کوئی نہیں ہو سکتا۔ 2014 سے اب تک ملزم کی غیر موجودگی کے باعث مقدمے کو طوالت دی گئی جس پر تشویش ہے۔
 
عدالت کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے ٹرائل میں تاخیر سے متعلق رجسٹرار خصوصی عدالت کا جواب افسوسناک ہے۔ پاکستان کے ہر شہری پر آئین پاکستان پر عمل کرنا لازم ہے،کسی ملزم کی بیماری یا غیر حاضری کے باعث ٹرائل روکا نہیں جا سکتا۔عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا تھا کہ خصوصی عدالت پرویز مشرف کے خلاف غیر حاضری کی صورت ٹرائل کو شق 9 کے تحت آگے بڑھائے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment