راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور ہم یوم دفاع کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کریں گے۔
آئی ایس پی آر میں یوم دفاع و شہدا 2019 کے حوالے سے کانفرنس ہوئی جس میں ملک بھر سے سول و فوجی حکام نے شرکت کی، کانفرنس میں یومِ دفاع و شہدا کی تقریبات سے متعلق بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پچھلے سال پہلی دفعہ ہر شہید کے گھر جانے کا پروگرام شروع کیا گیا جو جاری رکھا جائے گا، پچھلے سال بہت اچھا ریسپانس رہا، ہر شہید کو یاد کیا گیا، اس سال بھی ہر شہید کے گھر پہنچیں گے، عوام سے درخواست ہے شہیدوں کے لواحقین سے ملیں اور ان کا شکریہ ادا کریں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جی ایچ کیو میں شام کے وقت تقریب نہیں ہو گی بلکہ دن میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، آرمی چیف جی ایچ کیو میں یاد گارِ شہدا پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے، آرمی چیف شہدا کے لواحقین اور غازیوں سے ملاقات کریں گے۔