جمعہ, 22 نومبر 2024


یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالے سے آواز اٹھائی جائے گی

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کو اقوام متحدہ، یورپین یونین اور مشرقی وسطیٰ میں منہ کی کھانی پڑی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حکومت کا نہیں پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، گلف  ممالک ہمارے ساتھ ہیں، اوآئی سی کے ممبران کا بھی متفقہ بیان آیا ہے، او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت فاشسٹ پالیسی پر عمل پیرا ہے، بھارت میں آزادی رائے کو پامال کیا جارہا ہے،  بھارت کو اقوام متحدہ ،یورپین یونین اور مشرقی وسطیٰ میں منہ کی کھانی پڑی، یورپ کو مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، امید ہے یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالے سے آواز اٹھائی جائے گی۔

محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بے قصور لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 28 دن سے کاروبار بند ہیں، کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانا پوری دنیا کے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے اور ریلیوں میں اپوزیشن کے چہرے بھی نظر آتے تو اچھا ہوتا جب کہ پاکستان کی تمام اقلیتی کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، پاکستان کی ہندو کمیونٹی نے عمر کوٹ میں تاریخی اجتماع کا انعقاد کیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment