اسلام آباد : ہائی کورٹ نے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی اور کہا موجودہ حالات میں عدالت کسی بھی تنازعے میں نہیں پڑےگی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایران میں پھنسےزائرین کو واپس لانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی ۔
وکیل نے بتایا ایران میں ہزاروں پاکستانی پھنسےہیں،انکےویزے بھی ختم ہو چکے ہیں ، جس پر چیف جسٹس ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ یہ عالمی مسئلہ ہے، عدالت ان میں مداخلت نہیں کرسکتی، متعلقہ فورم سےرجوع کریں یہ اخذنہ کریں کہ حکومت کچھ نہیں کررہی۔
چیف جسٹس نے وکیل سے استفسارکیا کیا درخواست گزارنے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ؟یہ معاملہ پارلیمنٹ، وزارت خارجہ کا ہے، عدالتوں کا نہیں، موجودہ حالات میں عدالت کسی بھی تنازعے میں نہیں پڑے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لئے درخواست خارج کردی۔