جمعہ, 22 نومبر 2024


اسپیکر قومی اسمبلی کا بجٹ سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کرنے کا فیصلہ

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بجٹ 21-2020 کو پیش کرنے سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عالمی وباء کی وجہ سے عوام کو بے پناہ مالی مشکلات کا سامنا ہے، ایسے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینا اور بجٹ کو بروقت پیش کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، پارلیمنٹ اور عوام کو مل کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہوگا۔

اسد قیصر نے کہا کہ  کورونا وائرس کے  خدشات کے پیش نظر بجٹ کو پیش کرنے اور اسے پاس کرنے سے متعلق سیاسی پارٹیز کو اعتماد لینا ضروری سمجھتا ہوں،  بجٹ 21-2020 جون میں پیش ہونا ہے، بجٹ کو بروقت پیش کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت کی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ پارلیمان میں عوامی اہمیت کے حامل تمام امور پر کام جاری رہے، کمیٹیوں کے اجلاس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جاری رکھنے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، پوری دنیا کو اس وقت کورونا وائرس نے جکڑا ہوا ہے، اس وباء سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہم سب کو ملکر قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی پارلیمانی  ذمہ داریوں کو بھی نبھانا ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment