اسلا م آباد:طلبا نے ملک بھرمیں سالانہ امتحانات کے اعلان کومسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ کے امتحانات کے خلاف طلبا نے وزارت تعلیم کی طرف سے امتحانات کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئےمطالبہ کیا ہے کہ اعلان کردہ امتحانات فوری طور پراگست تک ملتوی کئے جائیں اور پچاس فیصد سلیبس کے ساتھ تیاری کے بعد آن لائن امتحانات لئےجائیں، ملک کے چالیس لاکھ طلبا کا مستقبل ان امتحانات کیساتھ وابستہ ہے ، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو جمعہ چار جون سے ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلبا کے نمائندہ عمار الطاف ستی، عمارعمران و دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پورے سال صرف 45 دن فزیکل کلاسز کی وجہ سے طلبا کی امتحانات کیلئے تیاری نہیں ہو سکی ہے جبکہ وزارت تعلیم نے یکدم امتحانات کا اعلان کر دیا ہے اور آن لائن کلاسز کی وجہ سے سلیبس بھی مکمل نہیں ہو سکا ہے لہذا حکومت فوری طور پر امتحانات کو ملتوی کرے اور طلبا کو تیاری کا مناسب وقت دے۔