راولپنڈی: امتحانی مرکز پر کرپشن کی ایک اور داستان بےنقاب ہوگئی۔
اینٹی کرپشن راولپنڈی نے بڑی کارروائی ٍکرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات لینے والےراولپنڈی بورڈ کے سپرنٹنڈنٹ اشتیاق احمد کو ہزاروں روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی بنالی گئی جس میں ریڈ کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے کہا کہ ملزم گورنمنٹ کرسچین ہائیرسکینڈری اسکول راجہ بازار کے امتحانی سینٹر پر سپریٹنڈنٹ تعینات تھا۔ راولپنڈی بورڈ کے تحت طلبا و طالبات سے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات لئے جا رہے ہیں ۔ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے ٹریپ ریڈ کرکے ایس ایس ٹی ٹیچراشتیاق کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے کہا کہ سرکل آفیسر راولپنڈی ذوالفقار بازید نے مجسٹریٹ طلعت وحید کی سربراہی میں کامیاب ٹریپ ریڈ کیا۔ ملزم سے موقع پر رشوت کے نشان زدہ 25 ہزار روپے برآمد ہوئے۔ ملزم نے مدعی سے زیادہ نمبرز لگانے کے مجموعی طور پر 65 ہزار روپے رشوت وصول کی تھی ۔
مدعی دانش رضا بارہویں جماعت کا طالب علم اور امتحانی مرکز پر امیدوارتھا ۔ ملزم اشتیاق احمدمحکمہ تعلیم میں سینیئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ ہے جو راجہ بازار امتحانی سینٹر پر بطور سپریٹنڈنٹ ڈیوٹی دے رہا تھا۔ ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ نمبر 43/21 درج کرلیا گیا ہے۔