ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 154 لودھراں میں ضمنی الیکشن سے متعلق الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اس حلقے میں ضمنی الیکشن روکنے کا حکم جاری کردیا ہے. محمد صدیق خان بلوچ 2013 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین کو بطور آزاد امیدوار شکست دے کر اس حلقے سے کامیاب قرار پائے تھے، جنھوں نے بعد میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی تھی. بعد ازاں جہانگیر ترین نے اپنی پٹیشن میں صدیق بلوچ پر جعلی ڈگری اور پولنگ کے دوران دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا۔26 اگست کو الیکشن ٹریبونل نے این اے 154 کے نتائج کو کالعدم قرار دے کر اس حلقے سے کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار صدیق بلوچ کو نااہل قرار دیا تھا. جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 154 میں ضمنی الیکشن کے لیے 11 اکتوبر کی تاریخ بھی مقرر کردی تھی. بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ نے سپریم کورٹ میں 11 اکتوبر کے ضمنی انتخابات کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔
Leave a comment