ایمز ٹی وی (اسلام آباد) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیااس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، افغانستان کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان اور افغانستان مل کر دہشت گردوں سے لڑیں گے اورخطے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات خاص اہمیت کے حامل ہیں اور خطے کا امن اور سلامتی دونوں ممالک سے منسلک ہے، مستحکم افغانستان کیلئے افغان حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی ترقی میں اشرف غنی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر افغانستان کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تعلقات کی بحالی کا تاریخی موقع ملا ہے، آج سے جنوبی، وسطی ایشیاءکو منسلک کرنے کا آغاز کیا ہے، مستحکم افغانستان کیلئے پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، افغانستان کے امن میں پاکستان ہمارا شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کا دکھ درد ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک میں جمہوریت مستحکم ہور رہی ہے جبکہ پاکستان میں جمہوری عمل برقرار رکھنے پر حکومت مبارکباد کی مستحق ہے، مستحکم افغانستان کیلئے پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی میں جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے چیلنج سے مل کر مقابلہ کریں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خزانہ نے مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے۔
Leave a comment