ایمزٹی وی(مظفرآباد)مظفر آباد میں آزاد کشمیراسمبلی اورکشمیرکونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک نئے دورمیں داخل ہوگئی ہے، کشمیری خواتین نے اپنے جوان بیٹے اوربھائی
قربان کردیئے، آزادی کے لئے جانیں دینے والوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیریوں کے ساتھ ہمارے رشتے کبھی ختم نہیں ہوں گے، بھارت کشمیری قیادت کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے، کشمیری عوام پرظلم وستم اوربات چیت اکٹھی نہیں چل سکتی جب کہ کشمیری ظلم پراب عالمی ضمیرخاموش نہیں رہے گا۔
صدرممنون کا کہنا تھا کہ صدر اوروزیراعظم آزاد کشمیرعوام کی خدمت کا سچا جذبہ رکھتے ہیں، مقبوضہ کشمیرکےنہتے اوربہادرعوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے کیونکہ کشمیریوں کی حمایت ہمارے خون میں شامل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جان و مال ہر وقت خطرےمیں گھرے ہیں، کشمیری عوام کے حوصلے اور جوش و جذبےکی دنیا میں مثال نہیں ملتی ہے جہاں کشمیر میں 100 سے زائد افراد کو پیلٹ گنوں سے آنکھوں سے محروم کیا جا چکا ہے لیکن ان کے حوصلے پست نہ ہوئے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن کے اطراف کشمیری بھارتی جارحیت کا شکار رہتے ہیں ، جمہوریت کےدعوے داروں نے کشمیریوں سے جینے کا حق چھین لیا اور اب طویل عرصے بعد آزاد کشمیر کی قیادت ذہین دانشمندلوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ صدر نے مزید خطاب میں کہا کہ مظالم کے باوجود انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں خاموش ہیں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اجازت نہ دی گئی تومقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید سنگین ہوگی۔