جمعہ, 22 نومبر 2024


صوبائی حکومت فوری بریفنگ کا اہتمام کرے

 

ایمز ٹی وی(پشاور )صوبائی حکومت کی اتحادی جماعتوں نے سی پیک کے حوالے سے چین میں ہونے والے اجلاسوں اور فیصلوں پر اعتماد میں نہ لینے پر تشویش اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فی الفوراس میں مشترک بریفنگ کا اہتمام کرے۔ اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ نے خود دونوں جماعتوں کی قیادت کے ساتھ ملاقات کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی چین سے واپسی کے بعد سے صوبائی حکومت کی طرف سے تا حال چین میں ہونے والے اہم فیصلوں پر اتحادی جماعتوں کی مرکزی ، صوبائی اور پارلیمانی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا جا سکا ہے جس پر اب اتحادی جماعتوں کی قیادت سے کھل کر تشویش کا اظہار بھی کردیا ہے۔

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئر مین آفتاب شیر پاﺅ نے اس حوالے سے کہا کہ چائنا میں منعقدہونے والے چھٹے جے سی سی میں راہداری منصوبہ کے حوالے خیبرپختونخوا کی شکایات کا ازالہ نہ ہوسکا ۔ منصوبہ میں صوبہ سندھ کے لئے تین بڑے منصوبے جن میں کراچی سرکل ریلوے ، کیٹی بندر، اور سپیشل اکنامک زونز منظور کے گئے جس سے سندھ کی حکومت مطمئن ہے جبکہ خیبرپختونخوا کا سی پیک میں مستقبل ابھی تک واضح نہ ہونے کی وجہ سے پختونوں غیر یقینی کا شکار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جے سی سی کے حوالے قومی وطن پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا جن سی شکوک و شبہات نے جنم لیا ہے دوسری طرف جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے بتایا کہ اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں نہ لینا باعث تشویش ہے۔ ایک طرف وزیر اعلیٰ کی طرف سے صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف سپیکر کی طرف کھل کر عدم اطمینان کا اظہار ہو رہا ہے۔ جس سے زبردست کنفیوژن پھیل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک ریلوے کو پشاور تا پنڈی محدود کرنا قابل افسوس ہے مغربی روٹ تو ہمارے ہاتھ سے نکل گیاتھا اب ریلوے ٹریک کے معاملے میں بھی زیادتی کی جا رہی ہے انہون نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ اس حوالے سے جامع معلومات سامنے لانے کے لئے ایک مشترکہ بریفنگ کا اہتمام کریں تاکہ اتحادی جماعتوں کے سامنے اصل صورتحال آسکے ۔

اس حوالے صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق غنی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ دونوں اتحادی جماعتوں کو ہر معاملے میں آن بورڈ رکھتے ہیں اور اس حوالے سے بھی دونوں جماعتوں کی قیادت کو اعتماد میں لیں گے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جماعت اسلامی کی وفد کی ملاقات چند گھنٹوں میں ہونے والی ہے جبکہ قومی وطن پارٹی کی قیادت کے ساتھ بھی جلد ملاقات ہوگی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ واپسی کے ساتھ ہی بہت زیادہ مصروف ہوگئے تھے اس لئے اس معاملے میں چند دنوں کی تاخیر ہو گئی ہے میڈیا کو بھی دورہ چین کے حوالے سے جلد اعتماد میں لیا جائے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment