ایمزٹی وی (بنوں)جماعت اسلامی نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میانمار کے سفیر کو ملک بدر اور سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف بنوں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکا نے میانمار حکومت کیخلاف نعرے لگائے اور مسلمانوں پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے برما اور کشمیر کے مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، بے حس حکمرانوں نے امریکا کے خوف کے باعث میانمار کے سفارتحانے کے ارد گرد رکاوٹیں کھڑی کردیں۔
مظاہرین نے حکومت سے میانمار کے سفیر کو ملک بدر اور سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں پر بدترین ظلم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، طاغوتی قوتیں چن چن کر مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔