پشاور:پشاور کی مقامی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان کوسینیٹ ٹکٹ کی فروخت کے الزام پر ہرجانہ کیس میں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کے احکامات جاری کردیئے۔ پشاور کی مقامی عدالت میں وزیر اعظم عمران خان کےخلاف ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی بابراعوان کی جگہ عنایت اللہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ بابراعوان سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اسلئے آج پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان کو 22 نومبر کو پیش ہونے کے احکامات جاری کردیئے رکن صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ نے سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے کے عمران خان کے الزام کےخلاف 50 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعوی کیا تھا۔وزیراعظم کی جانب سے بابراعوان نے عدالت کو یکطرفہ کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا.