پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع جنوبی وزیرستان میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں تمام تراجتماعات، ریلیوں، جلوسوں اور قابل اعتراض تقریروں پرمکمل پابندی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع میں ہرقسم کے ہتھیار کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ہتھیار ساتھ کے کر چلنے پر بھی پابندی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 5 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی اور گاڑیوں میں کالے شیشے کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جنوبی وزیرستان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں خاڑکمر چیک پوسٹ پر حملے میں پانچ جوان زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد بھی مارے گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ محسن داوڑ ہجوم کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔