جمعہ, 22 نومبر 2024


خیبر پختون خوا میں بارشوں سے مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق ہوئے۔

پشاور: پی ڈی ایم اے نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں بارشوں سے مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق ہوئے۔
 
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کے پی کے میں حالیہ بارشوں میں اب تک 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، بارشوں سے مختلف حادثات میں 39 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
 
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں میں مجموعی طور پر 59 گھروں کو نقصان پہنچا۔ گھروں کے جزوی انہدام سے متعدد لوگ زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
 
حادثات میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے بروقت امدادی کارروائیاں کیں، خیال رہے کہ کے پی، پنجاب اور بلوچستان میں چند دن قبل ایک بار پھر تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس میں تین دن قبل آندھی اور طوفان کے سبب شانگلہ اور تورغر کے مابین رابطہ پل بھی ٹوٹ گیا تھا، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا، مسلسل بارش کے باعث مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
 
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارشیں برسیں، گزشتہ دنوں کوئٹہ میں بارش کے ساتھ ہلکی برف باری بھی ہوئی، کوہ چلتن، کوہ زرغون پر ہلکی برف باری ہو رہی ہے، پنجگور اور گرد و نواح میں طوفانی ہوائیں چلیں جس سے بجلی کا نظام اور معمولات زندگی متاثر ہوئے، چمن شہر اور گرد و نواح میں بارش جب کہ کوژک ٹاپ، خواجہ عمران اور دوبندی کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے، قلعہ عبداللہ میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment