ایمز ٹی وی (پشاور)خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں 356 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا بھر میں 356 خالی بلدیاتی نشستوں کے لیے 828 امیدوار مد مقابل ہیں جن کے لیے 609 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں سے 232 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 289 کو انتہائی حساس قرار دیاگیا ہے۔
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 93 ہزار 502 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا رائے حق دہی استعمال کریں گے۔ اس موقع پر 4 ہزار سے زائد پولیس ، ایف سی اور لیویز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاہم پاک فوج کے جوان ضرورت پڑنے پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
صوبائی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 574 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جب کہ اقلیتوں کی 3 ہزار سے زائد نشستیں اور خواتین کی 542 نشستیں تاحال خالی ہیں۔