جمعہ, 10 مئی 2024


وزارتوں کے ماتحتی میں دینے کے خلاف دائر تمام درخواستیں یکجا


ایمز ٹی وی(لاہور) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے اوگرا ،نیپرا،پیپرا سمیت 5ریگولیٹری اتھارٹیزکو وفاقی وزارتوں کی ماتحتی میں دینے کے خلاف دائر تمام درخواستیں یکجا کرتے ہوئے ان کی مشترکہ سماعت کے لئے10جنوری کی تاریخ مقرر کردی ہے


جبکہ فریقین کے وکلاءسے اس قانونی نکتہ پر معاونت طلب کرلی ہے کہ کیا اس معاملے کو مشترکہ مفادات کی کونسل میں زیربحث لانا ضروری تھا ؟۔جبکہ دوران سماعت ریمارکس دئےے کہ بادی النظر میں وزیراعظم کو اتھارٹیز کا انتظامی کنٹرول تبدیل کرنے کا اختیار حاصل ہے اور وزیراعظم ان اتھارٹیز کو متعلقہ وزارتوں کے انتظامی کنٹرول میں دینے کے مجاز ہیں، ریگولیٹری اتھارٹیز کے انتظامی اختیارات کی تبدیلی کے خلاف نئی درخواست شیراز ذکاءایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے قانونی طریقہ کار کے برعکس نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اوگرا،نیپرا ،پی ٹی اے سمیت 5ریگولیٹری اتھارٹیزکی عملی حیثیت کو ختم کردیا۔ان اداروں کووزارتوں کے ماتحت کرنے سے قبل کابینہ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ کابینہ کی منظور ی کے بغیر جاری کردہ نوٹیفیکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی اداروں کو وزارتوں میں ضم کرنے سے متعلق کئے جانے والے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ سرکاری وکلاءنے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے کابینہ کی منظوری کے بعدنوٹیفیکیشن جاری کیاجس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اس معاملے کو مشترکہ مفاد کونسل میں زیر بحث لانا قانونی تقاضا تھا یا نہیں؟عدالت نے اسی نوعیت کی تمام درخواستیں یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 10جنوری تک ملتوی کر دی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment