ھفتہ, 23 نومبر 2024


پولیس والے ہوش کے ناخن لیں،لاہورہائیکورٹ

ایمز ٹی وی(لاہور) لاہورہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ نظام کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں ڈاکووں اورپولیس میں کوئی فرق نہیں رہ گیا،ڈاکو قانون توڑتے ہیں


اور پولیس قانون کی پروا نہیں کرتی،پولیس والے ہوش کے ناخن لیں اللہ نے وردی دی ہے تو بے گناہوں کو جیلوں میں ڈالنا بند کریں۔ مسٹر جسٹس چودھری عبدالعزیز نے یہ ریمارکس سونیا نامی 15سالہ لڑکی کو پولیس کی غیر قانونی قید سے رہائی دلواتے ہوئے دیئے ۔فاضل جج نے مزید ریمارکس دیئے کہ عدالتی عملے میں میں بھی پولیس کے ٹاﺅٹ بیٹھے ہیں جو آستین کے سانپ کی طرح پولیس کو مخبری کرتے اور عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑاتے ہیں،عدالت نے کہا کہ حبس بے جاکی تمام درخواستوں میں عدالت کے زبانی حکم کی مخبری ہوتے ہی اگلے ایک گھنٹے میں پولیس محبوسان کی گرفتاری کاروزنامچہ میں اندراج کرلیتی ہے یا پھر انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسا دیتی ہے


۔فاضل جج نے یہ کارروائی اللہ رکھی نامی خاتون کی درخواست پر کی جس کی طرف سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے اس کے سابق شوہر کی جانب سے کی جانے والی ڈکیتی میں اسے شریک ملزمہ کی حیثیت سے گرفتار کیا،عدالت سے ضمانت منظور ہوئی تو جیل سے رہا ہوتے ہی پولیس نے نہ صرف اسے بلکہ اس کے والد اوراس کی 15سالہ بیٹی سونیاکوبھی اپنی غیر قانونی حراست میں لے لیااور فیصل آباد کے تھانہ ٹھیکری والہ میںبند کردیا ۔تھانہ کے متعلقہ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ان تینوں افراد کو ڈکیتی کے شبہ میں پولیس نے تفتیش کے لئے اپنی تحویل میں لیا ہے ،جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے قرار دیا کہ پولیس کی ناقص تفتیش سے عدلیہ پر انگلیاں اٹھتی ہیں،پولیس والے ہوش کے ناخن لیں اللہ نے اگر وردی دی ہے تو بے گناہوں کو جیلوں میں ڈالنا بند کریں۔عدالت نے حکم دیا کہ 15سالہ سونیا کو فوری طور پررہا کیا جائے جبکہ اس کی والدہ اللہ رکھی اور نانا سے غیر جانبدارانہ تفتیش کی ہدایت کے ساتھ درخواست نمٹا دی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment