ایمز ٹی وی(لاہور) پتنگ بازی کرنے کے شبے میں پولیس اہلکار شہری کے گھر گھس گئے ،آٹھویں جماعت کے طالب علم سمیت پوری فیملی کواٹھا کرلے گئے
اور جھوٹا مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھی بھجوا دیا،متاثرہ شہری لیاقت علی کی جانب سے پولیس کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست پر فاضل جج نے ایس ایچ اوتھانہ ہربنس پورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
ایڈیشنل سیشن جج غلام عباس سیال کی عدالت میں ہربنس پورہ کا لیاقت علی اپنے وکیل بابرعلی ایڈووکیٹ کے ساتھ پیش ہوا جہاں اس نے اٹھویں جماعت کے طالب علم حیدرعلی کی درخواست ضمانت دائرکرتے ہوئے پولیس کے خلاف اندراج مقدمے کی درخواست بھی دائرکی۔
عدالت کوبتایا گیا کہ لیاقت علی کا گھر ہربنس پورہ میں ہے رات کے وقت پولیس اہلکار بغیر وارنٹ کے اس کے گھر سڑھی لگا کر داخل ہوئے وہ یہ سمجھا کہ ڈاکو آگئے اس نے مزاحمت کی تو پولیس اہلکاروں نے اٹھویں جماعت کے طالب علم حیدرعلی سمیت گھر سے پوری فیملی کو پکڑ کر تھانے لے گئے جہاں سے انہوں نے اگلے روز ان کو جیل بھجوادیا، لیاقت علی کا کہنا تھا کہ وہ پتنگ بازی کرتے ہیں اورنہ ہی فروخت کرتے ہیں ان پر جھوٹا الزام لگا یا گیاہے۔عدالت نے فیملی ممبران کی ضمانت دائر ہونے اور پولیس کے خلاف کارروائی کی استدعا پر تھانہ ہربنس کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کرلی ہے