جمعہ, 22 نومبر 2024


پاکستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل اور نعمتوں سے نوازا ہے

 

ایمز ٹی وی(لاہور) مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور اسکل سیکٹر کے ابھرتے ہوئے رجحانات کی نشاندہی کیلئے نیوٹیک نے چار اہم شعبوں میں سکل سیکٹر کونسلز کے قیام کا آغاز کر دیا ہے جو کہ صنعتکاروں، حکومت اور تربیت مہیّا کرنے والے اداروں کے مابین ایک پُل کا کام سر انجام دیں گی۔ اس سلسلے میں آج نیوٹیک کے زیر اہتمام اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں سکل سیکٹر کونسل ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک کے نمایاں صنعتکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیوٹیک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل اور نعمتوں سے نوازا ہے جن کو بروقت بروئے کار لا کر پاکستان کا شمار دنیا کے دس ترقی یافتہ ممالک میں ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑ کر دفتروں کے چکر لگانے کی بجائے اُن ٹریڈز میں ٹیکنیکل ٹریننگ حاصل کریں جن کی ملکی اور عالمی مارکیٹ میں اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے صنعتکاروں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جدید نصاب ، اعلیٰ تربیت کی فراہمی ، مانیٹرنگ ، ٹریڈ کی حتمی تشخیص اور ہنر مند افراد کی تربیت کے مطابق روزگار کا تعین کرنے میں اپناکردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے غربت اور بیروزگاری دور کرنے میں انڈسٹری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی شعبے کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی سیکٹر اسکل کونسلزکا قیام ضروری ہے تاکہ ہم دوسرے ممالک کے ساتھ قدم ملا کر چل سکیں ۔ اس سلسلے میں نیوٹیک پہلے مرحلے میں چار اہم شعبوں میں سیکٹر سکل کونسلز کا قیام عمل میں لا رہا ہے جن میں کنسٹرکشن، زراعت ، ہاسپیلٹی اور ٹیکسٹائل شامل ہیں۔ مختلف شعبوں کے نمائندگان جن میں حبیب رفیق گروپ کے شاہد رفیق ، بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے چیئرمین محسن شیخانی ، زراعت کے شعبے سے انیس باجوہ ، ہاسپیلٹی کے شعبے سے افضل صدیق اور ٹیکسٹائل شعبے سے انجینئر ایم حسن نے اپنی تجاویز پیش کیں اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وائس چیئرمین ہاشو گروپ، محمد اختر باوانی نے انڈسٹری کے اشتراک اور آجروں کے ساتھ روابط قائم کرنے میں نیوٹیک کے اقدام کو سراہا۔اس موقع پر موجود جی ۔ آئی ۔ زیڈ کے نمائندے محمد علی خان نے ورکشاپ کے شرکاء کو سیکٹر سکل کونسلز کے قیام، افادیت اور اہداف کے بارے میں بریفنگ دی ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment