ایمزٹی وی (لاہور)اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج خارجہ پالیسی کی ناکامی سامنے آ گئی ہے، اپنے دوست ممالک کو بھی قائل کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں ہماری خارجہ پالیسی نہیں ہے، بھارت اپنی خارجہ پالیسی کی وجہ سے آگے بڑھ رہا ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جو دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے اسے دہشت گرد کہا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی نے وزیر خارجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں ملازموں کی تنخواہوں میں 125 فیصد اضافہ کیا، موجودہ حکومت 4 سالوں میں 42 فیصد ہی اضافہ کر سکی ہے، حکمرانوں کی ناکارہ پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات آئی ہیں، پیپلز پارٹی ترقی کے لیے ترقیاتی منصوبے لا رہی ہے، ریاست کا کام اپنے لوگوں کو اچھی تعلیم دینا ہے۔