ایمزٹی وی(لاہور)مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے لیے قربانی دینے والوں کو نظر انداز کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور سے مریم نواز الیکشن لڑیں گی، این اے 124 سے حمزہ شہباز کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، این اے 131 سے سعد رفیق الیکشن میں حصہ لیں گے، این اے 108 سے عابد شیر علی کو شیر کا نشان مل گیا ہے۔ن لیگ نے این اے 106 سے رانا ثنااللہ کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، این اے 73 سے خواجہ محمد آصف الیکشن لڑیں گے جب کہ این اے 78 میں احسن اقبال اور این اے 81 میں خرم دستگیر ن لیگ کے امیدوار ہوں گے۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تمام ٹکٹوں کا باقاعدہ اعلان آج مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاونٹ سے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کےلیے قربانیاں دینے والوں کو نظرانداز کردیا ہے۔
ٹکٹوں سے محروم ہونے والوں میں ماجد ظہور، رانا تجمل، وحید گل ،غزالی سلیم بٹ میاں نصیر، گلزار گجر، اختر رسول، محسن لطیف شامل ہیں۔ ن لیگ نے اپنے سابق اراکین اسمبلی کو حلقہ بندیاں ٹوٹنے اور شکست کے پیش نظر ٹکٹ نہیں دیا۔ جن ارکان اسمبلی نے اپے حلقوں میں ترقیاتی کام نہیں کروائے انھیں بھی ٹکٹوں سے محروم کردیا گیا ہے۔